نیلم جہلم سرچارج کو بھاشا اور مہمند سرچارج میں تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، مہمند ڈیم کے حوالے سے تمام قواعد اور ضوابط کی پاسداری کی گئی ہے، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل ووڈا

بدھ 23 جنوری 2019 20:30

نیلم جہلم سرچارج کو بھاشا اور مہمند سرچارج میں تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، مہمند ڈیم کے حوالے سے تمام قواعد اور ضوابط کی پاسداری کی گئی ہے، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل ووڈا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل ووڈا نے کہا ہے کہ نیلم جہلم سرچارج کو بھاشا اور مہمند سرچارج میں تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، مہمند ڈیم کے حوالے سے تمام قواعد اور ضوابط کی پاسداری کی گئی ہے، دوبارہ ٹینڈر دینے کی صورت میں تاخیر ہوگی جس کی وجہ سے لاگت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

بدھ کو سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر ڈاکٹر مہر تاج روغانی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ای سی سی نے کمرشل آپریشن ڈیٹ (سی او ڈی) تک نیلم جہلم سرچارج جمع کرنے کی منظوری دی تھی، اس کی مدت دسمبر 2018ء تک تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم سرچارج کو بھاشا مہمند ڈیم سرچارج میں تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

سینیٹر طلحہ محمود کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبے سے بجلی کی پیداوار جاری ہے، پیداوار میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے۔ سینیٹر کلثوم پروین اور سینیٹر شیری رحمن کے ضمنی سوالات پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آنے سے قبل مہمند ڈیم کے ٹینڈر دینے کا عمل مکمل ہو گیا تھا، کمپنیوں کا تجزیہ بھی گزشتہ ادوار میں ہوا ہے، ہم نے صرف فنانشنل بڈ کیا، ایوارڈ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ اگر بڈنگ کا عمل ہوا تو اس سے منصوبے میں تاخیر ہو گی جبکہ اخراجات بھی بڑھ جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں