ورلڈ پیس جرگہ پروگرام خیبر پختونخوا کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری

منگل 7 مئی 2024 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2024ء) ورلڈ پیس جرگہ پروگرام خیبر پختونخوا کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی این پی سی کے صدر اظہر جتوئی تھے جنہوں نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے نومنتخب عہدیداروں میں صوبائی صدر خیبر پختو نخوا شاکراللہ، نائب صدر سہیل رضوان، سینئر نائب صدر انور شاہ بنگش، سیکریٹری سلمان ایوب،رضوان شاہ جنرل سیکریٹری،شمس ا لرّحمن جائنٹ سیکریٹری ،ساجد نیاز فنانس سیکریٹری ،حمید سلطان پروجیکٹ منیجر،احمد نواز کوآرڈینیٹر، ثناء ا لرّحمن میڈیا کوآرڈینیٹر،نعیم ا لرّحمن کوآرڈینیٹر ایجوکیشن، عادل خان کوآرڈینیٹر ہیلتھ، شفیع اللہ کوآرڈینیٹر ایگریکلچر، فہد ریحان کوآرڈینیٹر مائننگ اور عبدالرئوف خان کوآرڈینیٹر ڈیویلپنگ اینڈ پلاننگ جبکہ پشاور ڈویژنل سطح پر جمیل احمد صدر،اسد شاہ نائب صدر، محمد اقبال سینئر نائب صدر، ثناء اللہ سیکریٹری اور نثار احمد فنانس سیکریٹری شامل تھے۔

(جاری ہے)

ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کی کنٹری ہیڈ سعدیہ خان عرف خان بی بی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام پاکستان سمیت کئی ممالک میں گذشتہ 20 سال سے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کر رہا ہے، ہم ملکی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، اب ورلڈ پیس جرگہ پروگرام پاکستان میں تعلیم و صحت اور روزگار کے لیے بڑے بڑے منصوبوں پر کام شروع کر رہا ہے، خیبر پختو نخوا، بلوچستان سندھ ، پنجاب اور کشمیر کے دورے کر چکے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ کنونشن سینٹر میں ڈونر کانفرنس منعقد کی جائے گی جس کا مقصد پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور امن کے لیے، ور لڈ پیس جرگہ پروگرام کے تحت بڑے بڑے منصوبوں پر کام شروع کرنا ہے، پاکستان کے تمام صوبوں اور ڈویژنل سطح پر ہم نے سرمایہ کاروں کا ایک نیٹ ورک بنایا ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ نو منتخب ممبران نہ صرف صوبائی اور ڈویژن سطح پر کام کریں گے بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے، ورلڈپیس جرگہ پروگرام کا مقصد امن کیلئے کام کرنا ہے۔ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کے چیئرمین رعایت اللہ خان عرف خان بابا نے این پی سی کے صدر اظہر جتوئی کو روایتی پگڑی پہنائی جبکہ سینئر صحافیوں قربان ستی، اعجاز عباسی اور پرویز ہاشمی کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں