وزارت موسمیاتی تبدیلی اور مسلم ایڈ پاکستان کے درمیان صاف و سرسبز پاکستان پروگرام میں تعاون کے معاہدے پر دستخط

پیر 27 مئی 2019 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) وزارت موسمیاتی تبدیلی اور مسلم ایڈ پاکستان کے درمیان وزیراعظم کے صاف و سرسبز پاکستان پروگرام میں تعاون کے مراسلہ (ایل او یو) پر دستخط کر دیئے گئے۔ سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی حسن ناصر جامی اور مسلم ایڈ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر سیّد شاہنواز نے ایل او یو پر دستخط کئے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے موسمیاتی تبدیلی رخسانہ نوید بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رخسانہ نوید نے کہا کہ صاف و سرسبز پاکستان کی تحریک میں نوجوانوں بالخصوص سکولوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کی شمولیت بہت اہم ہے، صاف و سرسبز پاکستان تحریک کے تحت مسلم ایڈ نوجوانوں کیلئے کلین گرین انوویشن چیلنج شروع کرے گی جس میں نوجوانوں کو صاف و سرسبز پاکستان سے متعلق مسائل کے حل کے جدید طریقے تلاش کرنے میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مسلم ایڈ تین بڑے شہروں لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں نوجوان رضاکار پروگرام بھی متعارف کرائے گی۔ اسی طرح سکولوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء میں ماحول کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے متعلق آگاہی پر مبنی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔ اس حوالہ سے وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم نے کہا کہ اس شراکت داری سے وزیراعظم کے صاف و سرسبز پاکستان پروگرام کی تحریک کو مزید تقویت ملے گی، یہ بات بہت اہم ہے کہ نوجوانوں کو تحریک دینے کیلئے کام کرنے والے ایسے تمام ادارے ایک پلیٹ فارم پر آئیں اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت کی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ماحولیات کے تحفظ کیلئے جدید اور اختراعی طریقے متعارف کرانے کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں