خیبر پختونخواہ میں دسمبر تک مزید 100 فیڈرز بجلی چوری سے پاک کر دیئے جائیں گے جن پر لوڈ مینجمنٹ بھی زیرو کر دی جائے گی

ْوفاقی وزیر بجلی و پیٹرولیم عمر ایوب خان کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے گفتگو

جمعہ 18 اکتوبر 2019 00:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر بجلی و پیٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں دسمبر تک مزید 100 فیڈرز بجلی چوری سے پاک کر دیئے جائیں گے جن پر لوڈ مینجمنٹ بھی زیرو کر دی جائے گی، ان فیڈرز پر کام جاری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کے ساتھ اسلام آباد میں ایک ملاقات میں کہی۔

ملاقات میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا، صوبائی مشیر توانائی حمایت اللہ خان، جہانگیرخان ترین، سیکرٹری پاور ڈویژن، سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے بجلی اور گیس سے متعلق معاملات پرتفصیلی بات چیت ہوئی۔ ایوب خان نے صوبے میں صنعتوں اور کاروبار کے فروغ کیلئے بجلی، گیس اور پٹرولیم کے شعبے کی طرف سے بھر پور تعاون اور تمام تر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے اہم منصوبے صوبہ خیبر پختونخواہ میں شروع کیے گئے ہیں۔ عمر ایوب خان نے بجلی کے نظام میں بہتری کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی نظام میں وافر مقدار میں بجلی موجود ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ علاقوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کریں۔انہوں نے صوبہ خیبر پختونخواہ حکومت کی طرف سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں بھر پور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف پاور ڈویژن کا بھر پور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں صوبائی حکومت پیسکوکو ہر طرح کا تعاون مہیا کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں