لیسکو صارفین لاکھوں روپے مالیت کے اضافی بل ادا کریں گے

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 42 لاکھ سے زائد صارفین فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں اضافی بل ادا کریں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 15 نومبر 2019 13:31

لیسکو صارفین لاکھوں روپے مالیت کے اضافی بل ادا کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 نومبر 2019ء) : بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر آ گئی۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو کے 42 لاکھ سے زائد صارفین فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں اضافی بل ادا کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بلوں میں مسلسل اضافے سے صارفین کو ماہانہ اربوں روپے کے زائد بل ادا کرنے ہوں گے۔لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیول ایڈجسمنٹ رواں ماہ کے بلوں میں وصول کی جائے گی اور یہ کہ صارفین اس مد میں ساڑھے تین ارب روپے اضافی ادا کریں گے۔

وفاقی حکومت نے رواں سال جون اور جولائی میں فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ماہ اگست میں یونٹس پر بھی ایک روپیہ چھیاسٹھ پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا جو کہ ماہِ نومبر کے بلوں میں وصول کیا گیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ کچھ ماہ کے دوران عوام کو بجلی کے فی یونٹ میں قیمتوں میں بار بار ہوش رُبا اضافے کا جھٹکا سہنا پڑا ہے۔

جس کے باعث بہت سے لوگ حکومت سے نالاں بھی نظر آتے ہیں۔ تاہم عوام بجلی کے حوالے سے اپنے غصے کو بچا کر رکھیں، کیونکہ ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ بجلی کے صارفین پر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 17 ارب روپے کا نیا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے سی پی پی اے نے نیپرا کو درخواست سماعت کے لیے دی ہے۔ اس درخواست پر نیپرا کی جانب سے 20 نومبر 2019ء کو سماعت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق صارفین سے 17 ارب 28 کروڑ روپے کے بقایاجات وصول کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے،بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ ساماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جا رہا ہے۔ اگر نیپرا نے اضافے کی درخواست منظور کر لی تو ایسی صورت میں آئندہ ماہ سے اضافہ لاگو ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں