قومی اسمبلی نے اقلیتوں کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست کی تقریر نصاب کا حصہ بنانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی

بدھ 12 اگست 2020 13:11

قومی اسمبلی نے اقلیتوں کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست کی تقریر نصاب کا حصہ بنانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) قومی اسمبلی نے اقلیتوں کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست کی تقریر جس میں اقلیتوں کو پاکستان کا مساوی شہری قرار دیتے ہوئے رنگ‘ نسل کی بنیاد پر تفریق نہ کرنے اور اپنے اپنے مذہبی مقامات پر آزادی سے اپنے عقائد کے مطابق بلا خوف عبادت کرنے کی آزادی کا درس دیا گیا تھا‘ نصاب کا حصہ بنانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن ڈاکٹر درشن نے یہ قرارداد ایوان میں پیش کی کہ حکومت قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947ء کی اقلیتوں کے حوالے سے قانون ساز اسمبلی میں کی جانے والی تقریر کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنائے تاکہ اقلیتوں کے حوالے سے قائد کے اقوال سے نئی نسل کو آگاہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس تقریر میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں گے اور وہ اپنے مذہبی مقامات پر آزادی سے آجاسکیں گے۔

کسی پاکستانی کو دوسرے پاکستانی پر رنگ ‘ نسل‘ ذات ‘ علاقہ کی وجہ سے کوئی فوقیت حاصل نہیں ہوگی۔ اس قرارداد کے حوالے سے پی ٹی آئی کے رکن رمیش کمار نے کہا کہ 14 اگست پاکستان کی آزادی کا دن ہے اور 11اگست کو قائداعظم نے اقلیتوں کے حوالے سے اپنی تقریر میں اقلیتوں کے کردار کا اعتراف کیا۔ اقلیتی رکن قومی اسمبلی جے پرکاش اور نوید عامر جیوا نے بھی اس کی تائید کی۔ بعد ازاں سپیکر نے یہ قرارداد ایوان میں منظوری کے لئے پیش کی جس کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں