جنوری میں پی ڈی ایم کی تحریک کا بوریا بستر گول ہو جائے گا، فواد چوہدری

جیسے جیسے مایوسی پھیل رہی ہے ویسے ہی پیپلز پارٹی، مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) سے دورہورہی ہے: وفاقی وزیر

پیر 26 اکتوبر 2020 22:54

جنوری میں پی ڈی ایم کی تحریک کا بوریا بستر گول ہو جائے گا، فواد چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جنوری میں پی ڈی ایم کی تحریک کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک میں کوئی دم نہیں، یہ چلنے سے پہلے ہی ناکام ہورہی ہے، اس تحریک کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں، اپوزیشن کے جلسوں میں عام لوگ تو بالکل ہی نہیں آ رہے ، عوام کی عدم شرکت سے اپوزیشن کی صفوں میں مایوسی پیدا ہورہی ہے، جیسے جیسے مایوسی پھیل رہی ہے ویسے ہی پیپلز پارٹی ، مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) سے دورہورہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کو اپوزیشن کیا گھر بھیجے گی، اپوزیشن کی پوری قیادت خود گھر چلی جائے گی، جیسے جیسے ان کا اپنا بیانیہ کمزور ہوتا جائے گا، ان کے باہمی اختلاف بڑھتے جائیں گے، اپوزیشن کا بیانیہ ان کے اپنے کارکن تسلیم نہیں کررہے ، مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا حال بھی سب کے سامنے آچکا ہے، پارلیمانی پارٹی میں صرف 28 لوگ شریک ہوئے اور نوازشریف کے بیانیے کی مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک جس طرح اگے بڑھ رہی ہے مجھے یقین ہے یہ تحریک لمباعرصہ نہیں چل سکے گی، جنوری میں پی ڈی ایم کی تحریک کا بوریا بستر گول ہو جائے گا، نواز شریف کے 15 جنوری تک ملک واپس آنے کے بعد اس تحریک سے ساری جان نکل جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں