اسلام آباد ہائیکورٹ ،نیشنل بنک کے صدر عارف عثمانی کی نااہلی کے لئے دائردرخواست پر ایف بی آر سے ان کے بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل سے متعلق ریکارڈ طلب

پیر 25 جنوری 2021 17:42

اسلام آباد ہائیکورٹ ،نیشنل بنک کے صدر عارف عثمانی کی نااہلی کے لئے دائردرخواست پر  ایف بی آر سے  ان کے بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل سے متعلق ریکارڈ طلب
  اسلام آباد۔25جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25جنوری2021ء) :اسلام آباد ہائیکورٹ نیشنل بنک کے صدر عارف عثمانی کی نااہلی کے لئے دائردرخواست پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے عارف عثمانی کے بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل سے متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بینچ نے سماعت کی ۔اس موقع پر درخواست گزار جاوید اقبال نے شاہد کمال ایڈووکیٹ کے ذریعے متفرق درخواست دائر کی جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق عارف عثمانی نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہ صرف اپنے بیرون ملک اثاثے چھپائے بلکہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے بار بار طلب کئے جانے کے باوجود اس خطیر رقم کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔

درخواست گزار کے مطابق، عارف عثمانی ٹیکس ڈیفالٹر ہیں اور اسی عدالت میں فنانس منسٹری کی جانب سے جمع کروایا گیا، عارف عثمانی کا 17 ستمبر 2018 کا ٹیکس ڈیکلریشن جھوٹ پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں اثاثوں کے ذرائع ظاہر نہ کرنا اور غیر قانونی طور پر چھپانا جرم ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے درخواست کی کہ ایف بی آر کو حکم جاری کیا جائے کہ وہ شوکاز نوٹس، عارف عثمانی کا جواب اور اس پر حکام کی کارروائی سے متعلق ریکارڈ عدالت میں پیش کریں۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ایف بی آر سے اگلی پیشی پر ریکارڈ طلب کر لیا۔ درخواست گزار جاوید اقبال نے 2020 میں صدر نیشنل بنک کی تعیناتی کے خلاف رٹ پٹیشن نمبر 2097 دائر کی تھی جس میں 8 اکتوبر کو فنانس منسٹری نے بیان ریکارڈ کروایا تھا۔ دائر درخواست کے مطابق عارف عثمانی کی ڈگری اشتہار سے مطابقت نہیں رکھتی ہے۔ عدالت نے 14 دسمبر کی پیشی پر صدر بینک کی طرف سے جواب نہ دینے پر شدید غصے کا اظہار کیا تھا اور قانون کے مطابق عارف عثمانی کو آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں