وزیرِ اعظم عمران خان کا کنٹرول لائن پر جنگ بندی کا خیر مقدم

ہم نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا ہے اور بات چیت کے ذریعے تمام تنازعات کا حل نکالنے کیلئے تیار رہتے ہیں،مزید پیش رفت کے لیے سازگار ماحول بنانے کی ذمے داری بھارت پر عائد ہوتی ہے،بھارت کشمیریوں کے استصوابِ رائے کا مطالبہ پورا کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے، عمران خان کا بیان

ہفتہ 27 فروری 2021 12:12

وزیرِ اعظم عمران خان کا کنٹرول لائن پر جنگ بندی کا خیر مقدم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2021ء) وزیرِ اعظم عمران خان نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا ہے اور بات چیت کے ذریعے تمام تنازعات کا حل نکالنے کیلئے تیار رہتے ہیں،مزید پیش رفت کے لیے سازگار ماحول بنانے کی ذمے داری بھارت پر عائد ہوتی ہے،بھارت کشمیریوں کے استصوابِ رائے کا مطالبہ پورا کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔

بھارتی فوجی مہم جوئی کے خلاف جوابی کارروائی کے 2 سال پورے ہونے پر ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے بیان میں وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں کے استصوابِ رائے کا مطالبہ پورا کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف فضائی حملے کی شکل میں بھارت کی غیر قانونی عاقبت نااندیش عسکری مہم جوئی پر ہماری جوابی کارروائی کو 2 برس مکمل ہونے پر میں قوم کو مبارک باد اور اپنی افواج کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ بطور قابلِ فخر اور پرٴْ اعتماد قوم ہم نے وقت اور مقام کا انتخاب کر کے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی غیر ذمے دارانہ عسکری شر انگیزی کے باوجود گرفتار بھارتی ہوا باز واپس کر کے پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنے ذمے دارانہ رویے کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا ہے اور بات چیت کے ذریعے تمام تنازعات کا حل نکالنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں