پی ڈی ایم جماعتوں کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ

پاکستان مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف کے ارکان کی طرف سے ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے لیے لائی جانے والی حکومتی قرارداد کی حمایت کی جائے گی ، ذرائع

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 اپریل 2021 16:05

پی ڈی ایم جماعتوں کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 اپریل2021ء) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان دیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ، ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے لیے لائی جانے والی حکومتی قرارداد کی حمایت کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جہاں پاکستان مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف کے ارکان ناموس رسالت ﷺ کی حکومت کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی حمایت کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے یہ فیصلہ شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے اراکین نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دیا تھا ، میڈیا ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف کے چیمبر میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، رومینہ خورشید عالم، محسن شاہنواز رانجھا اور علی زاہد شریک ہوئے ، اجلاس میں خرم دستگیر ، طاہرہ اورنگزیب اور اظہر قیوم ناہرا نے بھی شرکت کی ، اس موقع پر قومی اسمبلی اجلاس میں پارٹی کی حکمت عملی سے متعلق غور کیا گیا ، جس میں مسلم لیگ ن کے اراکین نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دیا جب کہ قومی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کیے جانے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین کی اکثریت اپنی جماعت کی طرف سے طلب کیے مشاورتی اجلاس سے بھی غیرحاضر رہی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے پاکستان پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ، قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کا نہ کرنے کا فیصلہ پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے باہمی صلاح مشورے سے کیا ، اس فیصلے کے بارے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کو آگاہ کردیا گیا ہے ، جس کے بعد پی پی پی ایم این ایز نے اپنی جماعت کے فیصلے سے قومی اسمبلی کو بھی آگاہ کردیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں