آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کی بہتری پر مثبت ردعمل دیدیا

پاکستان کو مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے،پاکستان جب کہے گا فنڈ مہیا کیاجائے گا،آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کو شدید اقتصادی عدم توازن کو دور کرنے اور ملکی معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی،حکام

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 17:07

آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کی بہتری پر مثبت ردعمل دیدیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف )نے پاکستانی معیشت کی بہتری پر مثبت ردعمل دیدیا ، آئی ایم ایف پاکستان کو مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے،پاکستان جب کہے گا فنڈ مہیا کیاجائے گا،آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کو شدید اقتصادی عدم توازن کو دور کرنے اور ملکی معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی، میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنا ہے اوربجٹ خسارے کی سطح کو کم کرنا ضروری ہے۔

آئی ایم ایف حکام نے مشرق وسطی اور وسطی ایشیاءکی معاشی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس بی اے کا آخری جائزہ مکمل کرلیا گیا اب اسے بورڈ کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔پاکستان کے دو طرفہ شراکت دار بھی پاکستان کو اضافی مالی مدد فراہم کرنے کے پروگرام کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کے بعد پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

ریونیو کی صورتحال کو بہتر بنا کر مالیاتی صورتحال کو مضبوط بنانے پر کام جاری رکھا جائے، محصولات میں اضافہ حکومت کو قرضوں کی صورتحال سے نمٹنے کی اجازت دے گا۔آئی ایم ایف حکام کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے سماجی مدد فراہم کرنے کے منصوبے میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے مزید کام کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی دو روز قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایف ایم) سے اربوں ڈالر کے نئے قرض معاہدے پر بات چیت کا پلان ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نیا قرض پروگرام پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے اصلاحاتی ایجنڈا کے تحت ہوگا، پہلے معاہدے کی ایک اعشاریہ 10 ارب ڈالر کی حتمی قسط اس ماہ کے آخر میں منظور ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا تھاکہ آئی ایم ایف کیساتھ پروگرام سے پاکستان میں مارکیٹ کا اعتماد بحال ہوا، آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کے ایک پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا، پاکستان کی ترقی اور معیشت میں بہتری کی رپورٹس عالمی ادارے دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت خسارے والے اداروں کی نجکاری کر رہے ہیںاور پی آئی اے کی نجکاری کا مرحلہ جون تک مکمل کر لیا جائے گا، ٹیکس وصولیوں میں اضافے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں