سی پیک کے باعث پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور ثقافتی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں،وزیراعظم

پاکستان میں چینی زبان و ادب کی ترویج کے لئے سرکاری و نجی سطح پر ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، شہبازشریف کا پیغام

ہفتہ 20 اپریل 2024 15:30

سی پیک کے باعث پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور ثقافتی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں،وزیراعظم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سی پیک کے باعث پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور ثقافتی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں،پاکستان میں چینی زبان و ادب کی ترویج کے لئے سرکاری و نجی سطح پر ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاکہ چینی زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہاکہ چینی زبان ہزاروں سال پرانی چینی ثقافت کی ترجمان زبان ہے۔

گزشتہ دہائیوں میں جہاں چین نے اپنی معاشی ترقی کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے وہیں چینی ثقافت اور چینی زبان دنیا بھر تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کی آج چینی زبان دنیا بھر میں رابطے کی بڑی زبان بن چکی ہے اور اقوام متحدہ بھی چینی زبان کو رابطے کی آفیشل زبانوں میں شامل کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے باعث پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور ثقافتی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں چینی زبان سیکھنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے جس کی بدولت جن کی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ مل رہا ہے۔ پاکستان میں چینی زبان و ادب کی ترویج کے لئے سرکاری و نجی سطح پر ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تا کہ دونوں ممالک کی عوام کے درمیان روابط مزید مستحکم ہو سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں