شاہ محمود قریشی کے بھانجے آزاد رکن قومی اسمبلی کا سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے سے انکار

ظہور حسین قریشی نے ایس آئی سی میں شمولیت کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی درخواست مسترد کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 اپریل 2024 14:08

شاہ محمود قریشی کے بھانجے آزاد رکن قومی اسمبلی کا سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے سے انکار
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بھانجے ظہور قریشی نے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے قومی اسمبلی کے رکن پیر ظہور حسین قریشی نے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے، پیر ظہور حسین قریشی سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بھانجے ہیں جنہیں اپوزیشن لیڈر نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی دعوت دی۔

بتایا گیا ہے کہ ظہور حسین قریشی نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی درخواست مسترد کردی ہے، انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ میں آزاد ایم این اے منتخب ہوا ہوں تحریک انصاف نے تو مجھے ٹکٹ ہی نہیں دیا تھا، اس لیے قومی اسمبلی میں اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھوں گا، اس حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے باوجود سنی اتحاد کونسل کو پارلیمانی پارٹی ماننے سے انکار کرتے ہوئے پیر کے روز تحریک انصاف کے 88 اراکین قومی اسمبلی کو آزاد ڈکلیئر کیا ہے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اس اقدام کے بعد 88 اراکین قومی اسمبلی اب کسی پارٹی ڈسپلن کے پابند نہیں رہے، اس حوالے سے تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو الیکشن کے فوری بعد توڑنے میں ناکامی کے بعد اب یہ نیا حربہ آزمایا گیا ہے، پی ٹی آئی کے اراکین کو ڈرا دھمکا کر توڑنے کی کوششیں کی جائیں گی۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءبیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم سنی اتحاد کونسل میں ضم نہیں ہوں گے،بلے کا نشان ملتے ہی اپنے تمام اراکین واپس پی ٹی آئی میں شامل ہوجائیں گے، ہم تحریک انصاف کے ووٹ اور سپورٹ سے جیتے ہیں، ہم پارلیمان میں نمائندگی بھی پی ٹی آئی ہی کی چاہیں گے، ہم نے سنی اتحاد کونسل کے ساتھ معاہدے میں لکھا تھا کہ واپس پی ٹی آئی جوائن کریں گے، جس کے لیے ہمیں سرٹیفکیٹ کا انتظار ہے، سرٹیفکیٹ ملتے ہی ہم اپنی پارٹی دوبارہ جوائن کریں گے، تاہم صاحبزادہ حامد رضا تحریک انصاف میں نہیں آئیں گے بلکہ وہ اپنی جماعت ہی میں رہیں گے، سنی اتحاد کونسل شاید مرجر نہ کرے کیوں کہ وہ ایک مذہبی اور ہم ایک جمہوری جماعت ہیں، ہم اپنا پلیٹ فارم رکھیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں