این ایچ اے سکھر حیدر آباد موٹروے اور بابو سر ٹاپ ٹنل کے تعمیری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی،وفاقی وزیرعبدالعلیم خان

ہفتہ 27 اپریل 2024 21:15

این ایچ اے سکھر حیدر آباد موٹروے اور بابو سر ٹاپ ٹنل کے تعمیری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی،وفاقی وزیرعبدالعلیم خان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ 52کلومیٹرٹھہری رانی پور سیکشن کی مرمت کے کام پر 498ملین روپے لاگت آئے گی ،یہ منصوبہ رواں سال دسمبر تک مکمل ہوگا، این ایچ اے سکھر حیدر آباد موٹروے اورراولپنڈی گلگت شاہراہ پر بابو سر ٹاپ ٹنل کے تعمیری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزارت مواصلات نے کہا کہ ملک بھر میں جاری قومی شاہراہوں اورموٹرویز کے تعمیری ومرمتی منصوبوں کو اعلی معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ این 5 کے ٹھہری تارانی پورسیکشن کی پرانی الائنمنٹ سندھ کے شہروں خیر پور،کوٹ ڈی جی اورکمب میں سے گزرتی ہے،این۔

(جاری ہے)

5 کو جب دوہرا کیا گیا تو اس شاہراہ کے مذکورہ سیکشن کی ری الائنمنٹ کی گئی تھی جس سے خیرپور شہر بائی پاس ہونے کے ساتھ ساتھ ٹھہری اور رانی پور کے درمیان فاصلہ بھی کم ہو گیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سے لے کر اب تک این ایچ اے نئی الائنمنٹ کی دیکھ بھال کر رہی ہے جبکہ پرانی الائنمنٹ کی بھی ضرورت کے مطابق مرمت کی جاتی ہے۔ ۔انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ شاہراہ کی حالت بہتر بنانے اور مسافروں کی سہولت کے پیش نظر این ایچ اے نے دو مرمتی منصوبوں کی منظوری دی جس کے تحت 52 کلومیٹر ٹھہری، رانی پور سیکشن کے لئے 24-2023 کے سالانہ مرمتی منصوبہ جات میں 498 ملین روپے مختص کئے گئے،یہ دونوں مرمتی سکیمیں پروکیورمنٹ کے عمل میں ہیں اور ان کی مالی بولیاں 24 اپریل 2024 کو کھولی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مرمتی منصوبوں کے دستاویزی امور آئندہ دو سے تین ہفتے میں مکمل کرلئے جائیں گے اور ان منصوبوں پر تعمیر و مرمت کا آغاز جلد شروع کردیا جائے گا،شیڈول کے مطابق ان سکیموں کو دسمبر 2024 تک مکمل کیا جائے گا۔وزیر مواصلات نے کہا کہ وزارت مواصلات اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سکھر۔ حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر اور شمال میں راولپنڈی۔ گلگت شاہراہ پر بابو سر ٹاپ کے مقام پر ٹنل کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے،ٹنل کی تعمیر سے ان مشکل پہاڑی علاقوں میں سفر آسان اور محفوظ ہو جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ ملک بھر میں موٹر ویز اور قومی شاہراہوں کی بر وقت اور عالمی معیار کے مطابق تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے خود نگرانی کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں