پی ٹی آئی کا ہارس ٹریڈنگ، فلورکراسنگ پر قائم ریاستی حکومت سے فوری مستعفیٰ ہونےکا مطالبہ

کشمیر میں تشدد کی بجائے پرامن احتجاج کو اپنی جمہوری طاقت بنائیں، ریاست کو ہارس ٹریڈنگ یا فارم 47 زدہ حکمرانوں کی بجائے قانون و عوامی مینڈیٹ کو ملکی نظام کی بنیاد بنایا جائے۔ ترجمان پی ٹی آئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 مئی 2024 22:16

پی ٹی آئی کا ہارس ٹریڈنگ، فلورکراسنگ پر قائم ریاستی حکومت سے فوری مستعفیٰ ہونےکا مطالبہ
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء) ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے ہارس ٹریڈنگ اور فلورکراسنگ پر قائم ریاستی حکومت سے فوری مستعفیٰ ہونےکا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تشدد کی بجائے پرامن احتجاج کو اپنی جمہوری طاقت بنائیں، ریاست کو ہارس ٹریڈنگ یا فارم 47 زدہ حکمرانوں کی بجائے قانون و عوامی مینڈیٹ کو ملکی نظام کی بنیاد بنایا جائے۔

ایکس پر جاری بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آزادجموں و کشمیر میں شہریوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کی گئی، ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کی بنیاد پر قائم ریاستی حکومت سے فوری طور پر مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا گیا۔ شہریوں کے قتل کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعیّن کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کو آزاد جموں و کشمیر میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش ہے، ساکھ، صلاحیت اور مینڈیٹ سے محروم حکومتیں آزاد جموں و کشمیر میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی سی صورتحال پیدا کررہی ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ پرامن احتجاج اور بنیادی حقوق کے معاملے میں کشمیر اور وفاقی حکومت کی جانب سے مودی کی پیروی شرمناک اور قابلِ مذمت ہے، ساکھ، صلاحیت اور عوامی تائید سے محروم حکومتیں ملک و قوم کیلئے ایک وبال کی صورت اختیار کر چکی ہیں، ماورائے آئین طاقت کے استعمال اور آمرانہ طرزِ حکمرانی پورے سماج میں کشیدگی اور انتشار کا پیش خیمہ بن رہے ہیں، مہذب جمہوری معاشروں میں عوام کی رائے کو طاقت سے کچلنے کی کوششوں کی بجائے حکومتیں ان کی روشنی میں مسائل کے حل کی تدبیر کرتی ہیں۔

ریاستی حکومت لاقانونیت اور تشدد سے حالات خراب کرنے کی بجائے عوامی احتجاج کے حقیقی محرکات کا سنجیدہ تجزیہ کرے اور اہلِ کشمیر کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے۔ کشیدگی اور تشدد کی جانب مائل ہونے کی بجائے عوام پرامن احتجاج کے جمہوری حق کو اپنی طاقت بنائیں، ریاست کو ہارس ٹریڈنگ یا فارم 47 زدہ حکمرانوں کی نااہلی کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے عوامی مینڈیٹ اور قانون کی حکمرانی کو ملکی نظام کی بنیاد بنایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں