سولر پینلز کی قیمت میں 65 فیصد سے زائد کمی

15 لاکھ تک کے سولر سسٹم کی 7 سے 8 لاکھ روپے میں تنصیب ممکن ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 مئی 2024 11:17

سولر پینلز کی قیمت میں 65 فیصد سے زائد کمی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی 2024ء ) ملک میں سولر پینلز کی قیمت میں 65 فیصد سے زائد کمی کے باعث عوام میں شمسی توانائی کے استعمال کا رجحان بڑھ چکا ہے، جس کی وجہ سے نیشنل گریڈ سے بجلی کی خریداری میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو آگاہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا کو جمع کروائی گئی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مارچ میں بجلی کی کھپت میں مجموعی طور پر 7 اعشاریہ 5 فیصد کمی ہوئی، اس دوران بجلی کا سب سے کم استعمال گھریلو صارفین نے کیا، گھریلو صارفین نے مارچ میں 11 اعشاریہ 3 فیصد بجلی کم استعمال کی، بلک صارفین نے مارچ میں بجلی کا 34 اعشاریہ 5 فیصد استعمال کم کیا، صنعتی صارفین کی طرف سے 4 اعشاریہ 5 فیصد بجلی کا کم استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان میں سولر پینلز کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر اب تک 65 فیصد تک کمی واقع ہوچکی ہے، جنوری میں سولر پینل کی فی واٹ قیمت گزشتہ سال 120 روپے سے کم ہو کر 55 روپے ہوئی جب کہ اب قیمتوں میں مزید 25 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے اور اب فی واٹ قیمت 37 روپے ہوچکی ہے۔ سولر سسٹم کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ سولر پینل سسٹم کی کل لاگت کا 70 فیصد حصہ پینلز کی قیمت پر منحصر ہوتا ہے، اگر پینلز کی قیمت 80 روپے سے زائد کم ہوئی ہے تو مکمل سولر سسٹم نصب کروانے والوں کا گزشتہ سال کی نسبت 60 سے 65 فیصد کم خرچ آئے گا، اب گزشتہ سال کی نسبت چھوٹے گھروں میں 6 لاکھ روپے اور بڑے گھروں میں 11 لاکھ روپے کی بچت سولر پینل سسٹم نصب کروایا جا سکتا ہے۔

مارکیٹ ماہرین کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ اب گزشتہ سال کی نسبت چھوٹے گھروں میں 6 لاکھ روپے اور بڑے گھروں میں 11 لاکھ روپے کی بچت سولر پینل سسٹم نصب کروایا جا سکتا ہے، 5 مرلے کے گھر میں 5 سے 7 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کروایا جاتا ہے، جس کی مجموعی لاگت گزشتہ سال 12 سے 15 لاکھ روپے تک تھی اور اب سولر پینل سستے ہونے کے باعث اس سسٹم کی 7 سے 8 لاکھ روپے میں تنصیب مکمن ہوگئی ہے، اسی طرح بڑے گھروں میں 10 سے 15 کلو واٹ کے سولر سسٹم کی تنصیب پر آنے والی لاگت گزشتہ سال 22 سے 25 لاکھ روپے تھی جو اب قیمتوں میں کمی کے باعث 11 سے 13 لاکھ روپے میں ممکن ہوچکی ہے۔ ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں