آئی ایم ایف کا ٹیکسز کا ہدف 11 ہزارارب روپے سے زائد رکھنے پر زور

آئی ایم ایف نے زرعی آمدن کو بھی انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کا مطالبہ

جمعرات 16 مئی 2024 15:32

آئی ایم ایف کا ٹیکسز کا ہدف 11 ہزارارب روپے سے زائد رکھنے پر زور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے درمیان نئے قرض پروگرام کے لیے مذاکرات جاری ہیں، جس میں نئے مالی سال کے دوران محصولات میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد اضافے پر بات چیت کی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف آئندہ مالی سال کے دوران محصولات کا ہدف 11 ہزار ارب روپے سے زائد چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی جانب سے نئے اقدامات کے بارے میں وزارت خزانہ کو بریفنگ دی گئی، آئی ایم ایف نے زرعی آمدن کو بھی انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کا مطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی جی ڈی پی میں زراعت کا 24فیصد حصہ ہے، زرعی آمدن کو نارمل انکم ٹیکس کے دائرے میں لانے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس چھوٹ ختم کرنے پر بھی آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پنشن پر بھی انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جائے۔

اسی طرح نان فائلرز کے لیے ٹیکس کے ریٹ مزید بڑھانے پر بھی آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ تنخواہ دار طبقے پر بھی انکم ٹیکس کے سلیب میں نظرثانی کرنے اور لگژری اشیا کی درآمد پر بھی ٹیکسوں میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں