اسلام آباد میں چوروں کی دیدہ دلیری

آئی جی کے گھر کے باہر سے لاکھوں روپے مالیت کی تاریں کاٹ کر لے گئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 مئی 2024 11:19

اسلام آباد میں چوروں کی دیدہ دلیری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2024ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چور آئی جی کے گھر کے باہر سے لاکھوں روپے مالیت کی تاریں کاٹ کر لے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آنسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد ناصر علی رضوی کی سرکاری رہائشگاہ کے باہر سے چور ٹیلی فون کیبلز کاٹ کر لے گئے، یہ واقعہ سیکٹر ایف 7/3 کی گلی 63 میں پیش آیا جہاں آئی جی اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے کے سرکاری گھر واقع ہیں، وہاں سے گزشتہ رات 3 سے 4 بجے کے درمیان چوروں نے لاکھوں روپے مالیت کی تاریں کاٹ ڈالیں، جس کی وجہ سے تمام ٹیلی فون نمبر بند ہو گئے۔

بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد میں اب اکثر راہ چلتے پرس اور موبائل سنیچنگ کے واقعات کی بازگشت سنائی دیتی ہے، 2022ء میں 10 ہزار 500 سے زائد مقدمات درج ہوئے جن میں شہری مسلح ڈکیتی، چوری، سٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتوں میں 4 ارب روپے کے سامان اور نقدی سے محروم ہوئے، وفاقی دارالحکومت میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی وجہ غیر قانونی افغان مہاجرین بھی قرار دیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کو موجودہ ملکی صورتحال سے الگ کر کے نہیں دیکھا جا سکتا۔

(جاری ہے)

غربت، مہنگائی اور بے روزگاری روز بروز بڑھ رہی ہے۔ پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ اسلام آباد میں کچھ چھوٹے چھوٹے افغان گروہ موجود ہیں جو عام طور پر اس طرح کی وارداتوں میں ملوث ہوتے ہیں، جب شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز کی لوکیشن چیک کی جاتی ہے تو ان میں سے زیادہ تر کی موجودگی افغانستان میں پائی جاتی ہے۔                                     

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں