کرغزستان میں پھنسے مزید سینکڑوں طلبہ کی 2 خصوصی پروازوں سے وطن واپسی

بشکیک سے آنے والی پروازوں میں سے ایک اسلام آباد پہنچی جب کہ دوسری نے لاہور لینڈ کیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 مئی 2024 20:54

کرغزستان میں پھنسے مزید سینکڑوں طلبہ کی 2 خصوصی پروازوں سے وطن واپسی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2024ء ) کرغزستان میں پھنسے مزید سینکڑوں پاکستانی طلبہ 2 خصوصی پروازوں سے وطن واپس پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے دو خصوصی پروازیں طلبہ سمیت 360 مسافروں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی ہیں، پاکستانی طلبہ اور مسافر بشکیک سے باحفاظت 2 خصوصی پروازوں کے ذیعے وطن پہنچے ہیں، جن میں سے بشکیک سے 180 طلبہ اور مسافروں کو لے کر آنے والی ایک پرواز کے اے 4575 نے اسلام آباد ایئرپورٹ لینڈ کیا جب کہ دوسری پرواز کے اے 6571 طلبہ سمیت 180 مسافروں کو لے کر لاہور پہنچی، اس موقع پر ایئرپورٹ پر طلبہ کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔

گزشتہ روز طلبہ سمیت 180 مسافروں کو لے کر پہلی پرواز کے اے 571 لاہور ایئرپورٹ پر پہنچی تھی، لاہور ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خصوصی طور پر طلبہ کا استقبال کیا، اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ایئرپورٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس وقت طلبا کی زندگیاں بہت اہم ہیں، ہم نے اپنے بچوں کو واپس لانا ہے، زخمی طلبا کو پہلے واپس لانا ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف حکومت نے کرغزستان واقعے کی تحقیقات کیلئے وفد بشکیک بھیجنے کا اعلان کردیا، پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم خود اس سارے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، واقعہ صرف پاکستانیوں سے متعلق نہیں تھا، طالب علموں کے درمیان تصادم کے بعد حالات کشیدہ ہوئے، تشدد تمام غیر ملکی طالب علموں پر کیا گیا، معاملہ کسی غلط فہمی کی وجہ سے ہوا، 4 سے 5 پاکستانی طالب علم زخمی ہوئے، آج مزید 540 طالب علم وطن پہنچیں گے، ایئرفورس ایئر بس کے ذریعے طلبہ کو پاکستان لایا جارہا ہے، واقعے کی آزاد تحقیقات کیلئے وفد کرغزستان بھیجیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں