پاکستان کا ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پر تعزیت کا اظہار

پیر 20 مئی 2024 13:24

پاکستان کا  ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پر تعزیت کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2024ء) پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت کی المناک خبر پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جا نب سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے پیر کو جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم گہرے دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہماری دعائیں شہدا کے اہل خانہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ ہیں اور سوگ کی اس گھڑی میں ہم اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ بیان کے مطابق صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان قابل احترام رہنما تھے، ان کی پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کو تقویت دینے کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے اس اپریل میں پاکستان کا دورہ کیا۔ دفترِ خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ایران کے ساتھ دوستی اور تعاون کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں