خیبرپختونخواحکومت کی نیب ترامیم کیس کی سماعت لائیو نشر کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر

درخواست میں استدعا کی گئی کہ نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا حکم دیا جائے،لائیو سٹریمنگ نہ ہونا امتیازی سلوک ہے،موقف

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 20 مئی 2024 15:04

خیبرپختونخواحکومت کی نیب ترامیم کیس کی سماعت لائیو نشر کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی 2024 ) خیبرپختونخواحکومت نے نیب ترامیم کیس کی سماعت لائیو نشر کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سید کوثر علی شاہ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا حکم دیا جائے۔نیب ترامیم کیس کی اپیلوں کی سماعت لائیو سٹریم نہیں کی گئی،نیب ترامیم کیس کی لائیو سٹریمنگ نہ ہونا امتیازی سلوک ہے۔

درخواست میں خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عوامی مفاد کے مقدمات کی سماعت بنچ ون سے لائیو سٹریم کی جاتی ہیں۔عدالت نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا حکم دے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ میں نیب ترمیم کیس کی سماعت کے آغاز پر سابق وزیر اعظم عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیاتھا۔

عمران خان نے نیلے رنگ کی قمیض پہنی ہوئی تھی۔ وہ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت میں حاضر رہے تاہم انہیں بات کرنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔مقدمے کی سماعت براہ راست نشر نہیں کی گئی اور اس کی وجہ بھی بیان نہیں کی گئی۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے پوچھا تھااٹارنی جنرل صاحب کیا ویڈیو لنک قائم ہوگیا؟ اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جی ویڈیو لنک قائم ہے۔

سماعت کے دوران وکیل وفاقی حکومت دلائل دے رہے تھے کہ اس دوران چیف جسٹس نے ہدایت کی مخدوم علی خان آپ اونچی آواز میں دلائل دیں تاکہ ویڈیو لنک پر موجود بانی پی ٹی آئی بھی سن سکیں۔جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا تھاکہ کیا ہائی کورٹ میں زیر التوا درخواست سماعت کیلئے منظور ہوئی؟ وکیل وفاقی حکومت نے بتایا کہ جی اسے قابل سماعت قراردے دیا گیا تھا، جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا تھاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے نیب ترامیم کے خلاف کیس کا مکمل ریکارڈ منگوا لیں۔چیف جسٹس نے خواجہ حارث سے استفسار کیاتھا آپ اس کیس میں وکالت کریں گے؟ وکیل نے بتایا کہ جی میں عدالت کی معاونت کروں گا۔بعد ازاں عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نیب ترمیم کیس پر ہوئی سماعت کا حکم نامہ طلب کر لیاتھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں