سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی سارک کے سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور سے ملاقات میں گفتگو

منگل 21 مئی 2024 23:02

سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی سارک کے سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، پاکستان سارک کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سائوتھ ایشین ایسوسی ایشن فار ریجنل کوآپریشن (سارک) کے سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور جو پاکستان کے اپنے پہلے دورہ پر ہیں، نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے انہیں سارک کے 15ویں سیکرٹری جنرل کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیکرٹری جنرل تنظیم کی بحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ، جیسا کہ سیکرٹری جنرل سارک کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے،، وزیراعظم نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

علاقائی تناظر میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سارک میں علاقائی ترقی، تجارت، تعاون اور اشتراک کے بے پناہ امکانات ہیں۔ انہوں نے سارک کے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان سارک کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔سیکرٹری جنرل سارک نے پرتپاک میز بانی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور سارک کو علاقائی تعاون کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم بنانے کے اپنے عزم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنے وفد کی مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں