پی ٹی آئی پارٹی سیکرٹریٹ سیل کرنے کیخلاف درخواست،عدالت کی رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت

پی ٹی آئی وکلا ءشعیب شاہین اور عمیر بلوچ عدالت میں پیش ہوئے، اعتراض دور کرکے نمبر لگوائیں۔ درخواست دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کی جائے گی،ریمارکس

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 27 مئی 2024 11:39

پی ٹی آئی پارٹی سیکرٹریٹ سیل کرنے کیخلاف درخواست،عدالت کی رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مئی 2024 ) اسلا م آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی پارٹی کے سیکرٹریٹ سیل کرنے اور سی ڈی اے آپریشن کیخلاف درخواست پر درخواستگزار کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دورکرنے کی ہدایات جاری کر دیں،اسلا آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امیتاز نے کیس کی سماعت کی۔پی ٹی آئی وکلا ءشعیب شاہین اور عمیر بلوچ عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے عمر ایوب کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض دور کرنے کی ہدایت کر دی۔سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اعتراض دور کرکے نمبر لگوائیں۔ درخواست دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کی جائے گی۔پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے دائر درخواست میں سی ڈی اے کی جانب سے مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے جس میں مو¿قف اپنایا گیا ہے کہ ارشد داد اور نسیم الرحمان دونوں پی ٹی آئی کے ممبران ہیں۔

(جاری ہے)

ارشد داد اور نسیم الرحمان نے 17 جولائی 2020 کو ایک معاہدے کے بعد کمرشل پلاٹ خریدا۔درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ 29 جولائی 2020 کو جی 8 کے اس پلاٹ کے مالک سراج علی نے سی ڈی اے کو ٹرانسفر کا خط لکھا ۔ سراج علی کے خط کے بعد سی ڈی اے نے پلاٹ پی ٹی آئی کے نام الاٹ کر دیا۔ 23 مئی 2024 کو اچانک رات 11 بج کر 15 منٹ پر مجھے پتا چلا کہ وہاں سی ڈی اے کا آپریشن ہوا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں اپنا مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے اور سی ڈی اے کے آپریشن کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔یاد رہے کہ24مئی کو اسلام آباد میں سی ڈی اے نے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم غیر قانونی تعمیرات گرا کر اسے سیل کر دیاتھا۔ مزاحمت کرنے پر پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

سی ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ پلاٹ پر بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوہے اضافی منزل بھی تعمیر کی گئی تھی۔کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے تحریک انصاف کے مرکزی دفتر پہنچی تھی۔ سی ڈی اے ٹیم ساتھ ہیوی مشینری بھی لائی تھی۔سی ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ سیکٹر جی 8/4 میں قائم سیاسی جماعت کی جانب سے پلاٹ پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات قائم کی گئی تھی مذکورہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کو الاٹ کیا گیا ہے جس کی اراضی پر قبضہ کر کے تجاوزات قائم کی گئیں تھیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں