وفاقی دارالحکومت میں مختلف اداروں کی کارکردگی کے مؤثر کوآرڈینیشن کیلئے سیکرٹری وزارت داخلہ کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل

چیف کمشنر کمیٹی کے سیکرٹری، ممبران میں چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور چیف میٹرو پولیٹن آفیسر شامل، کمیٹی کا اجلاس ہفتہ وار بنیادوں پر ہوگا

منگل 13 نومبر 2018 23:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف اداروں کی کارکردگی کے مؤثر کوآرڈینیشن کیلئے سیکرٹری وزارت داخلہ کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ منگل کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری وزارت داخلہ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے اور چیف کمشنر اسلام آباد کمیٹی کے ممبر/سیکرٹری ہوں گے۔

دیگر ممبران میں چیئرمین سی ڈی اے، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، سینئر سپرنٹنڈنٹ اسلام آباد پولیس اور چیف میٹرو پولیٹن (ایم سی آئی) آفیسر اسلام آباد شامل ہیں۔ کمیٹی کا کام اسلام آباد کو مختلف پہلوئوں سے پاکستان کا ماڈل سٹی بنانے کیلئے منصوبہ تیار کرنے پر غور و خوض کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کمیٹی کی ذمہ داریوں میں رولز آف لاء کا قیام اور ان کا مؤثر نفاذ ہو گا۔

کمیٹی حکومتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر طریقہ سے چلانے کیلئے مختلف معاملات اور چیلنجز کے حل کیلئے کام کرے گی اور ہر قسم کی مشکلات کے حل کیلئے عملی حل تلاش کرے گی۔ کمیٹی حکومتی پالیسی کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے اور بہتر طریقہ سے چلانے کیلئے اسلام آباد کے منتخب نمائندوں اور کسی دوسرے ادارے کے سربراہ کو مدعو کر سکے گی۔ کمیٹی پبلک سروس کی فراہمی کی بہتری کیلئے ہفتہ وار بنیادوں پر اجلاس منعقد کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں