پاک۔چین صنعتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے جامع فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے، جے سی سی صنعتی تعاون کو اگلے مرحلہ میں لے جانے کیلئے راہ ہموار کرے گی

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کا سی پیک کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2018 23:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاک۔چین صنعتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے جامع فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے، 8ویں مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) صنعتی تعاون کو اگلے مرحلہ میں لے جانے کیلئے راہ ہموار کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پلاننگ کمیشن میں سی پیک کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، پراجیکٹ ڈائریکٹر سی پیک حسان دائود کے علاوہ بورڈ آف انوسٹمنٹ، پٹرولیم ڈویژن، وزارت صنعت و تجارت اور خیبرپختونخوا حکومت کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاک۔چین صنعتی تعاون، رشکئی اکنامک زون و پٹرولیم شعبہ میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک۔چین صنعتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے جامع فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے، صنعتی تعاون فریم ورک کے تحت چینی صنعتوں کی یہاں منتقلی اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ممکن ہو گی۔

مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ 8ویں جے سی سی صنعتی تعاون کو اگلے مرحلہ میں لے جانے کیلئے راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی زونز میں مقامی وسائل کو مدنظر رکھ کر ترقی دی جائے گی، صنعتی زونز میں ایسی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے جو پاک۔چین تجارت کا توازن قائم کرنے میں معاون ثابت ہوں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کی ہدایت کہ رشکئی اقتصادی زون کو خاص صنعتی ترقی کیلئے استعمال کیا جائے، رئیل سٹیٹ بزنس نہ بنے، رشکئی اقتصادی زون کیلئے وفاقی حکومت تمام ضروریات کی فراہمی یقینی بنائے گی، وزارت پٹرولیم ضرورت کے مطابق گیس فراہمی کیلئے فوری کام شروع کرے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی فراہمی کیلئے این ٹی ڈی سی رشکئی زون کو نیشنل گرڈ سے لنک کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ رشکئی زون میں ایسی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے جو پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کا باعث ہو۔ انہوں نے کہا کہ زون میں مقامی سرمایہ کاروں کو برابر کے مواقع فراہم کئے جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں