وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات،صوبوں میں گورنر کی تعیناتی پر اتفاق

بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم کو سردار سلیم کو گورنر پنجاب اور فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات کرنے کی تجویزجبکہ شہباز شریف نے شیخ جعفر مندوخیل کو بلوچستان کا گورنر لگانے کافیصلہ،وزیراعظم کی ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوانے کی یقین دہانی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 4 مئی 2024 11:02

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 مئی 2024 ء) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی جس میں پنجاب ،خیبرپختونخواہ میں گورنرز کی تعیناتی پر اتفاق کر لیا گیا ،بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کیلئے وزیر اعظم ہاوٴس پہنچے تو وزیر اعظم نے ان کا استقبال کیا،، دونوں رہنماوٴں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ایک بار پھر حکومت کا حصہ بننے کی پیشکش بھی کی ۔بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو سردار سلیم کو گورنر پنجاب اور فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات کرنے کی تجویز دی جس پر وزیر اعظم نے اتفاق کر لیا جبکہ شہباز شریف کی جانب سے بلوچستان میں جعفر مندوخیل کو گورنر بلوچستان بنانے اور کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے سردار سلیم ،فیصل کریم کنڈی اور جعفر مندوخیل کے نام جلد ایڈوائس کے ساتھ صدر آصف علی زرداری کو بھجوانے کی یقین دہانی کروائی۔ صدر مملکت کی جانب سے ایڈوائس کی منظوری کے بعد گورنرز کی حلف برداری کی تقریب آج ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں سندھ کے سیاسی معاملات پر بھی تبادلہ کیا گیا ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب نامزد کیا تھا ۔سردار سلیم حیدر کا تعلق ضلع اٹک سے ہے اور وہ سابق وفاقی وزیر بھی رہے ہیں، سردار سلیم حیدر پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں۔سردار سلیم حیدر کا گورنر پنجاب بنائے جانے پر کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مجھے خوشخبری سنائی ہے کہ آپ ہمارے گورنر پنجاب ہوں گے اور مجھے بتایا گیا ہے کہ آج رات تک نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔

جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن نے بلوچستان سے پارٹی کے سینئر رہنماءجعفر مندوخیل کو گورنر بلوچستان بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ن لیگ کی مرکزی قیادت نے شیخ جعفر مندوخیل کو گورنر بنانے کی منظوری دے دی تھی ۔ جعفر مندوخیل مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر ہیں۔جعفر مندو خیل کا بھی کہنا تھا کہ قائد ن لیگ نواز شریف نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے گورنر نامزد کرنے کے فیصلہ سے آگاہ کیا۔جعفر مندو خیل کا مزید کہنا تھا کہ صوبے اور وفاق کے درمیان ترقی اور خوشحالی کیلئے پل کا کردار ادا کروں گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں