ملک بھرمیں لاکھوں فرزندان اسلام کل 20 رمضان المبارک اعتکاف بیٹھیں گے، تمام انتظامات مکمل

اجتماعی اعتکاف کے دوران معتکفن کیلئے درس قرآن وحدیث اور شرعی مسائل سے آگاہی کیلئے تربیتی نشستوں کا بھی اہتمام ہوگا

ہفتہ 25 مئی 2019 14:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھرمیں لاکھوں فرزندان اسلام کل اتوار بمطابق 20 رمضان المبارک اعتکاف بیٹھیں گے ا س سلسلے میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، اجتماعی اعتکاف کے دوران معتکفن کیلئے درس قرآن وحدیث اور شرعی مسائل سے آگاہی کیلئے تربیتی نشستوں کا بھی اہتمام ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھرمیں لاکھوں فرزندان اسلام (آج)اتوار بمطابق 20 رمضان المبارک اعتکاف بیٹھیں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مرکزی جامع مساجد اور چھوٹی مساجد میں بھی اعتکاف کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ معتکفین کمیٹیوں نے اپنی اپنی سطح پر معتکفین کے قیام، سحر و افطار کے انتظامات شروع کر رکھے ہیں بعض مساجد میں پہلے آئیں اور پہلے پائیں کی بنیاد پر درخواستوں پر غور کیا گیا اور بعض مساجد میں سابقہ معتکفین کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی گئیں ۔

(جاری ہے)

فیصل مسجد میں 200 سے زائد معتکفین اعتکاف بیٹھیں گے جس کے لئے درخواستیں ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے بھی دعوہ اکیڈمی کو موصول ہونا شروع ہو گئی تھیں جہاں سکروٹنی کا عمل بذریعہ قرعہ اندازی کیا جاتا ہے۔ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف بیٹھنا فرض کفایہ ہے۔ ایک گھر یا ایک محلہ کی طرف سے کسی ایک فرد کا اعتکاف بیٹھنا پورے محلہ کی طرف یہ فرض ادا ہو تا ہے اور کسی محلہ بستی سے کوئی اعتکاف نہ بیٹھا تو اس کا گناہ پوری بستی پر ہوتا ہے۔دوسری جانب صوبائی دارالحکومتوں کراچی ، لاہور ، کوئٹہ اور پشاور کی بھی تمام بڑی مساجد میں بڑی تعداد میں روز دار اعتکاف بیٹھیں گے اور ا س سلسلے میں تمام انتظامات کرلئے گئے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں