خیبرپختونخوا کے بجٹ 2019-20ء میں تعلیم، صحت، سماجی تحفظ، توانائی اور ماحولیات کے شعبوں کے لئے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ خوش آئند ہے، سی پی ڈی آئی

جمعرات 20 جون 2019 18:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) غیرسرکاری تنظیم سنٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (سی پی ڈی آئی) نے خیبرپختونخوا کے بجٹ 2019-20ء میں تعلیم، صحت، سماجی تحفظ، توانائی اور ماحولیات کے شعبوں کے لئے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس میں بہتری کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ جمعرات کو سی پی ڈی آئی کے سینئر پروگرام منیجر راجہ شعیب اکبر نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2019-20ء کیلئے تعلیم کا ترقیاتی بجٹ 30,166.72 ملین روپے مختص کیا ہے جو کہ پچھلے سال کے 23,254.75 ملین سے کافی زیادہ ہے، اس طرح آئندہ مالی سال میں تعلیم کا ترقیاتی بجٹ پچھلے دو سال کے مقابلے میں حجم میں زیادہ تاہم فیصدی تناسب میں 2012-13ء سے کم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سات سال کے بجٹ ڈیٹا کا جائزہ لینے پر معلوم ہوتا ہے کہ تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں کافی اتار چڑھائو آئے ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیم سے متعلق پالیسی میں مستقل مزاجی پیدا کرے۔ مالی سال 2019-20ء کیلئے اس شعبہ میں 12,753.4 ملین روپے رکھے گئے ہیں جو کہ پچھلے سال کے 10,693.6 ملین اور 2017-18ء کے ضمنی بجٹ کے 10,704.53 ملین روپے سے زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے 2019-20ء کے بجٹ میں 9,551.13 ملین روپے پن بجلی کے منصوبوں کیلئے مختص کئے ہیں۔ یہ 2012-13ء سے اب تک اس شعبہ میں رکھی گئی سب سے بڑی رقم ہے جو کہ مالی سال کے کل ترقیابی بجٹ کا تقریباً 3 فیصد بنتی ہے۔ پاکستان کو تیل سے پیدا ہونے والی مہنگی اور ماحول دشمن بجلی پر انحصار کو کم کرنے کیلئے پن بجلی کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحتی صوبہ خیبرپختونخواکیلئے ماحولیاتی تحفظ خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اگر چہ اس شعبہ میں پہلے زیادہ ترقیاتی بجٹ بھی مختص کیا جا چکا ہے مگر 2019-20ء کیلئے رکھے گئے 5913 ملین روپے 2016-17ء سے اب تک سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ ہے۔ سی پی ڈی آئی نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے خطیر رقم مختص کرنے کو سراہتے ہوئے اس توقع کا اظہارکیا ہے کہ حکومت اس مختص کردہ بجٹ کے درست اور بروقت استعمال کو یقینی بنائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں