ترکی اور پاکستان کے درمیان نہ صرف گہرے دوستانہ تعلقات ہیں بلکہ عوام کے دل بھی ایک دوسرے کیساتھ دھڑکتے ہیں، سردارمسعود خان

حالیہ دنوں میں ترکی نے جس بہادری اور جرات مندی سے کشمیر پر ہمارے موقف کی حمایت کی اس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، صدر آزاد جموںوکشمیر

بدھ 13 نومبر 2019 19:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان نہ صرف گہرے دوستانہ تعلقات ہیں بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل بھی ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیںاور جو آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں ترکش تعاون و رابطہ ایجنسی اور کشمیر ایجوکیشن فائونڈیشن کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر کے عوام اور حکومت خصوصی طور پر ترکی کے عوام، صدر طیب اردگان اور ترکی کی حکومت کے خاص طور پر شکر گزار ہیں جنہوں نے 2005ء کے زلزلے کے بعد سب سے پہلے زلزلہ سے متاثر ہونے والے علاقوں میں پہنچ کر ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے کر اسلامی اخوت اور محبت کا بے مثال مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام نے آزادکشمیر میں جامعات، ہسپتال اور متعدد تعلیمی ادارے قائم کئے اور خود صدر طیب اردگان آزادکشمیر کے دورے پر آئے جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اہل کشمیر اور برادر اسلامی ملک ترکی کے عوام کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ترکی نے بالخصوص ترکی کے صدر طیب اردگان نے جس بہادری اور جرات مندی سے کشمیر پر ہمارے موقف کی حمایت کی اس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر پاکستان میں بھی اتنے ہی مقبول ہیں جتنے وہ ترکی کے اندر مقبول ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے ترکش تعاون و رابطہ ایجنسی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان اور آزادکشمیر میں تعلیم کے فروغ کے لئے گرانقدر خدمات انجام دے رہا ہے جس کے لئے ہم اس تنظیم کے عہدیداران کے شکر گزار ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے ٹیکا اور کشمیر ایجوکیشن فائونڈیشن کے درمیان تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں تنظمیں مل کر آزادکشمیر میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

سردار مسعود خان نے ترکی کے سفیر اور ان کی اہلیہ کو راولاکوٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ اس شہر میں قائم ایک سکول کی طرف سے مہیا کی جانے والی معیاری تعلیم باچشم خود مشاہدہ کر سکیں۔تقریب سے پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی یردکل اور ٹیکا کے کنٹر ی ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں