صوبے بھرمیں قومی شاہر اہوں پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات ہم سب کیلئے باعث تشویش کا باعث ہیں، گورنر امان اللہ خان یاسین زئی

جمعہ 13 دسمبر 2019 23:33

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) گورنر امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ صوبے بھرمیں قومی شاہر اہوں پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات ہم سب کیلئے باعث تشویش ہے اور ان کے تدارک کیلئے سخت او ر فوری اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے روڈ سیفٹی پر اصلاحات کے حوالے سے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کی۔

گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کو بتایا گیا کہ موٹر وہیکل رولز اینڈ آرڈیننس میں ضروری ترامیم تجویزکی گئی ہیں جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور پروینشل اتھارٹی کو فرسٹ کلاس کے مجسٹریٹ کے خصوصی اختیارات دینے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کی شرح میں اضافہ کرنے، ٹریکر سسٹم کی تنصیب فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیونگ سکولز کھولنے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے اس موقع پر کہا کہ اصلاحات کو تیز کرنے اور متعلقہ ٹریفک قوانین کی جلد از جلد منظوری کی کوشش کی جائے اور ان پر عملدرآمد کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے کی شاہراہوں پر ہونے والے ٹریفک حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قلعہ سیف اللہ کے قریب ہونے والے حا دثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پردلی افسوس کا اظہار بھی کیا اور ہدایت کی کہ قومی شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے فوری اور بروقت اقدامات کئے جائیں۔

ملاقات میں صوبائی سیکرٹری صالح بلوچ، جنرل مینجر این ایچ اے (ساوتھ) آغا عنایت اللہ، ڈی آئی جی موٹر وے پولیس علی شیر جاکھرانی اورسیکرٹری آرٹی اے روحانہ گل کاکڑ بھی موجود تھیں۔ اس دوران طے پایاکہ اس ضمن میں متعلقہ وفاقی وصوبائی محکموں اور اداروں سے فوری رابطے کئے جائینگے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں