ہم نے زمینی حقائق کے مطابق بلوچستان میں کام کرنا ہے ،نوابزادہ جمال خان رئیسانی

جمعہ 19 اپریل 2024 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے راہنما ، ایم این اے نوابزادہ جمال خان رئیسانی نےبلوچستان کی 14 رکنی کابینہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان کابینہ بلوچستان کے عوام کے بنیادی حقوق اور سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے گی ۔

جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم ، تربیت، پینے کا صاف پانی ، روزگار کے مساوی مواقع ، پختہ سڑکیں اور گلیوں سمیت تمام بنیادی حقوق کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان بھی ایک بڑا چیلنج ہے ، ہم نے زمینی حقائق کے مطابق بلوچستان میں کام کرنا ہے ، ایسے کام کرنے ہیں کہ نوجوان بندوق اٹھانے اور پہاڑوں پر جانے کی بجائے صوبے اور ملکی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بہت صلاحیت ہے ، اس صلاحیت کو نکھار کر ہم نہ صرف صوبے بلکہ ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میر سرفراز بگٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے عام اور پسے ہوئے لوگوں کے حقوق کے لئے نہ صرف بات کی بلکہ ہر فورم پر بلوچستان کی توانا آواز بنیں ، بلوچستان کے عوام کو وزیراعلی بلوچستان کے ساتھ بہت سی توقعات وابستہ ہیں ۔ نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان اپنی نئی کابینہ کو واضح ہدایت دیں کہ اپنے دروازے بلوچستان کے عوام کے لئے کھلے رکھیں ، ان سب کی ترجیحات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا شامل ہونا چاہیے ۔ بلوچستان میں کرپشن ، اختیارات سے تجاوز کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں