پی ٹی ڈی سی کی پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے سیا حوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

جمعہ 19 اپریل 2024 22:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) پاکستان ٹور ازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے سیا حوں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئےاحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔پی ٹی ڈی سی کے عہدیدار نے "اے پی پی "سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی ایک بڑی تعداد بارش کے دوران پہاڑی علاقوں کے دلکش اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیاحتی مقامات مالم جبہ، کالام، ناران، کاغان، سوات، مری، جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ اپنے پیاروں اور فیملی کے ساتھ پرفضا ءمقامات کی سیر کو نکلنے سے پہلے محکمہ موسمیات کی موسم سے متعلق پیشنگوئی ضرور دیکھ لیں۔

(جاری ہے)

سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران رہائش کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور کم از کم 24 گھنٹے کے لیے ضروری ادویات، گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیا اپنے ساتھ رکھیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ سیاحت نے پہلے ہی داخلی اور خارجی راستوں پر استقبالیہ، ہیلپ لائنز اور معلوماتی مراکز قائم کر رکھے ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں