پانچویں سالانہ تین روزہ انٹرنیشنل صحت کانفرنس  26 تا 28 اپریل کو منعقد ہو گی ،پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم

جمعرات 25 اپریل 2024 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) پنجاب کے سابق نگران وزیر صحت اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن(پی ایس آئی ایم) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پانچویں سالانہ تین روزہ انٹرنیشنل صحت کانفرنس  26 تا 28 اپریل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہو گی جس میں امریکہ، کینیڈا،برطانیہ، ملائیشیا، سری لنکا،یو اے ای سمیت دنیا بھر سے 20 سے زائد وفود شرکت کریں گے جن میں ماہر ڈاکٹرز بھی شامل ہوں گے۔

کانفرنس کے انعقاد کا مقصد جونیئر ڈاکٹرز کو بھرپور فائدہ پہنچانا ہے ۔ گذشتہ 10 برس میں جتنی میڈیسن تبدیل ہوئی ہے اتنی پچھلے سو سال میں تبدیل نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں  نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی ڈاکٹر آفتاب محسن، کینیڈا سے آئے ہوئے ڈاکٹر جیمز، ڈاکٹر منظور، ڈاکٹرصومیہ اقتدار و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی ڈاکٹر آفتاب محسن نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد مریض کیلئے ادویات کے استعمال سے متعلق فیصلہ سائنسی تحقیق کے مطابق مریض کو اعتماد میں لیکر کرنا ہے،اس کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی سینکڑوں ڈاکٹرز شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا انعقاد جونیئر ڈاکٹرز کیلئے خوش آئند امر ہے، اس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا، یہ ایک بہترین کانفرنس ہے جو جونیئر ڈاکٹرز کیلئے ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اینٹی بائیو ٹیک ادویات میڈیکل سٹورز سے باآسانی مل جاتی ہیں تاہم بنگلہ دیش نے اس حوالے سے نہایت اہم قدم اٹھایا ہے کہ جب تک مریض کے پاس ڈاکٹر کا نسخہ نہیں ہوگا اسے ادویات نہیں دی جاسکتیں۔ تنظیم کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے کہا کہ پی ایس آئی ایم کے زیر اہتمام فیلو شپ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ کانفرنس میں دنیا بھر کے بہترین معالج شرکت کر رہے ہیں،تین روزہ کانفرنس میں مختلف بیماریوں کے حوالے سے ورکشاپس، لیکچرز،پینل ڈسکشنز، سوال و جواب سمیت متعدد سیشنز ہونگے۔ کانفرنس میں تنظیم کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں