پولیس تاجر برادری کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدام اٹھائے گی، سید علی ناصر رضوی

جمعہ 26 اپریل 2024 14:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے دارالحکومت کی تاجر برادری کو فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونٹی کو درپیش سکیورٹی سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

آئی جی پی نے ملک کی ترقی کے لئے تاجر برادری کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی کمی کو دور کرنے کے لیے تمام تر کوششوں سے کمیونٹی کے تمام تحفظات دور کیے جائیں گے اور یقین دلایا کہ بھکاری اور منشیات کی سمگلنگ اور تجاوزات ختم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ شہر میں سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور امن کو برقرار رکھنے کی کوششوں میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

قبل ازیں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے آئی جی پی کو تاجروں کو درپیش پولیس سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے مجرمانہ واقعات نے تاجروں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں اور سرمایہ کاری کے امکانات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے پولیس اور تاجروں کے درمیان بہتر رابطے کی تجویز بھی دی۔

احسن ظفر بختاوری نے آئی جی پی کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے یہ کہہ کر قبول کر لیا کہ وہ جلد از جلد دورہ کریں گے۔آئی سی سی آئی کے وفد میں چیئرمین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک، سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری، نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، سابق ایس وی پی خالد چوہدری، سابق وی پی سیف الرحمان، ضیاء خالد، اسد عزیز اور ندیم اختر شامل تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں