تحریک انصاف کی محمود خان اچکزئی کے وارنٹس گرفتاری کی شدید مذمت

جھوٹے، بے بنیاد اور مضحکہ خیز مقدمات کے ذریعے سیاسی قیادت کو ہراساں کرنا ایک شرمناک روایت بن چکی ،ترجمان

ہفتہ 27 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2024ء) تحریک انصاف نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے وارنٹس گرفتاری کے اجرا کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق محمود خان اچکزئی کے وارنٹس کا اجرا سیاسی قیادت کو ہراساں کرنے اور آئین و قانون کی بحالی کے بڑھتے ہوئے مطالبات کو کچلنے کی مکروہ ریاستی کوشش ہے اور وارنٹس گرفتاری کے پیچھے واضح طور پر ان کی تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے قائدین کے ہمراہ ایک روز قبل کی گئی پریس کانفرنس ہے ترجمان کے مطابق جھوٹے، بے بنیاد اور مضحکہ خیز مقدمات کے ذریعے سیاسی قیادت کو ہراساں کرنا ایک شرمناک روایت بن چکا ہے، ترجمان کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان، تحریک انصاف کے قائدین اور ہزاروں کارکنان ملکی تاریخ کی سیاہ ترین انتقامی روایت کی بھینٹ چڑھائے جارہے ہیں ترجمان کے مطابق پاکستان میں دستور، قانون اور جمہوریت کو کچلنے میں ہر سطح کی عدالتوں سے کی جانے والی سہولت کاری خود عدلیہ کی آزادی اور وجود کیلئے ایک چیلنج بن کر رہ گئی ہے ترجمان کے مطابق عدالتی حلقوں کی معاونت کے بغیر ریاستی طالع آزماں کیلئے دستور و قانون پامال کرکے بیگناہ سیاسی قائدین اور کارکنان کو نشانہ بنانا ممکن نہیں تاہم اب قوم فیصلہ کر چکی ہے کہ ہر قیمت پر دستور، قانون اور جمہوریت کا تحفظ کرے گی ترجمان کے مطابق دھونس، طاقت، قانون کے غلط استعمال اور ماورائے دستور سیاسی انتقام کے ذریعے آئین اور بنیادی حقوق معطل رکھتے ہوئے ملک کو لاقانونیت سے چلانے کی مزید اجازت نہیں دی جائے گی۔

۔۔۔۔اعجاز خان

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں