انسانی غذائیت اور ڈائٹس کے عنوان سے کوالٹی ایشورنس اینڈ ایکریڈیشن آگاہی سیمینارکا انعقاد

منگل 30 اپریل 2024 22:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی میں نیشنل ایگر یکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل (این اے ای اے سی) کے تحت انسانی غذائیت اور ڈائٹس کے عنوان سے کوالٹی ایشورنس اینڈ ایکریڈیشن آگاہی سیمینار منعقد ہوا ۔سیمینار کے مہمان خصوصی سیکرٹری نیشنل ایگریکلچرایجوکیشن ایکر یڈیشن کونسل(این اے ای اے سی) ڈاکٹر عبد الغفار تھے جبکہ سیمینار میں این اے ای اے سی کے پروگرام کو آرڈینیٹر عبد اللہ ، ایڈوائزر ٹو چیئرمین عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی حیدر عجائب ، ریکٹر جسٹس(ر) ساجد قریشی ،پرو ریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس وجاہت لطیف،شعبہ ڈائٹس اینڈ نیو ٹریشن کی سربراہ ڈاکٹر مدیحہ افتخار، پروفیسرڈاکٹر ناظم فاروق سمیت مختلف شعبہ جات کے سربرا ہان اور طلبا و طالبات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔عبادت انٹر نیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ڈائٹس اینڈ نیوٹریشن کی سربراہ ڈاکٹر مدیحہ افتخار نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھاتی ہے اور یونیورسٹی تعلیم و تحقیق کی تمام سہولیات سے لیس ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی تعلیمی ، انتظامی ، تحقیقی ، نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے بریف کیا ۔

انہوں نے شعبہ ڈائٹس اینڈ نیوٹریشن سے متعلق جامع بریفنگ دی اور کہا کہ یونیورسٹی میں شعبہ ڈائٹس اینڈ نیو ٹریشن 2021میں قائم کیا گیا ۔اس شعبہ کے تحت بیچلر آف سائنس ان ہیومین نیوٹریشن اینڈ ڈائٹس کا چار سالہ ڈگری پروگرام پیش کیا جا رہا ہے اس ڈگری پروگرام کو 8سمسٹر میں مکمل کیا جاتا ہے ۔ سیمینار کے مہمان خصوصی سیکرٹری نیشنل ایگریکلچرایجوکیشن ایکر یڈیشن کونسل(این اے ای اے سی) ڈاکٹر عبد الغفار نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے این اے ای اے سی کے دائرہ کا ر ، امور کی انجام دہی ، تعلیمی پروگرامز اور ایکریڈیشن کے طریقہ کار سمیت کونسل کی مجموعی کارکردگی پر جامع بریفنگ دی اور شرکاء کو، کونسل کے گزشتہ چودہ سال کے ڈیٹا سے متعلق آگاہ کیا ، انہوں نے بتایا کہ این اے ای اے سی کا بورڈ 24ممبران پر مشتمل ہو تا ہے جس کی قیادت چیئرپرسن کرتے ہیں جبکہ دیگر ممبران میں ایچ ای سی کے نمائندے سمیت مختلف اداروں سے تعیناتیاں کی جاتی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ایگریکلچر اینڈ الائیڈ ایجوکیشن کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں تاکہ معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایکریکلچر اینڈ الائیڈ ایجوکیشن کا نصاب عالمی لیول کا ہے اور اس شعبہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کی دنیا بھر میں مانگ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ این اے ای اے سی کے 12ڈسپلن ہیں اور ملک بھر میں 1سو سے زائد ایگریکلچراینڈ الائیڈ ایجوکیشن کے ادارے قائم ہیں اس موقع پر انہوں نے کونسل کی سرگرمیوں اور کامیابیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جس کے بعد سوال جواب کا سیشن ہوا اور طلبا و طالبات اور دیگر شرکاء نے سیکرٹری این اے ای اے سی ڈاکٹر عبد الغفار سے سوالات بھی پوچھے۔

سیمینار کے اختتام پر ریکٹر عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی جسٹس (ر) ساجد قریشی نے سیکرٹری این اے ای اے سی ڈاکٹر عبد الغفار اور پروگرام کو آرڈینیٹر عبد اللہ کو سوینئر پیش کیے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں