معاشی شرح نمو میں بہتری آئی، مہنگائی کم ہوگی، وزارت خزانہ کا دعویٰ

منگل 30 اپریل 2024 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) وزارت خزانہ نے معاشی شرح نمو میں بہتری اور مہنگائی میں کمی آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بیرونی قرضوں اور بھاری سود کی ادائیگی کو مالی صورتحال کیلئے بڑا چیلنج قرار دیدیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے ملکی معیشت کے بارے میں جاری ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آئوٹ لک رپورٹ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی 18.5فیصد سے 19.5فیصد کے درمیان جب کہ مئی 2024میں مہنگائی مزید کم ہو کر 17.5فیصد تک آنے کا امکان ہے۔

پہلی اور دوسری سہ ماہی میں شرح نموبالترتیب 2.5فیصد اور 1فیصد رہی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق 8 ماہ میں مالی خسارہ 34.8 فیصد اضافے سی3224 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پائیدار معاشی ترقی کے لیے مالی ڈسپلن یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس معاشی گروتھ معتدل اور اگلے سال زیادہ بہتر رہے گی۔ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں مالی اوربیرونی شعبے میں بہتری آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں زرعی شعبے میں 5 سے 8.6 فیصد بہتری آئی ہے تاہم بڑی صنعتوں کی کارکردگی ہدف کے مقابلے غیر تسلی بخش رہی۔ رپورٹ کے مطابق 8 ماہ میں ٹیکس ریونیو 30 فیصد اضافے سے 6 ہزار 711 ارب روپے رہا۔ نان ٹیکس ریونیو دوگنا اضافے سے 2267 ارب روپے تک پہنچ گیا۔رپورٹ کے مطابق 9 ماہ میں برآمدات 9.3 فیصد اضافے سے 23 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

ترسیلات زر 0.9 فیصد اضافے سے 21 ارب ڈالر رہیں جب کہ اس عرصے کے دوران درآمدات 8 فیصد کمی سے 38.8 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاونٹ خسارہ 87.5 فیصد کمی سے 50 کروڑ ڈالر سرپلس رہا۔ براہ راست سرمایہ کاری 9.7 فیصد کمی سے ایک ارب 9 کروڑ ڈالر رہی۔ زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالر، ایکسچینج ریٹ 278 روہے سے تجاوز کرگیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق ترقیاتی اخراجات میں کمی اور پرائمری سرپلس میں بہتری آئی۔

زرعی قرضوں میں 33.6 فیصد اضافہ سے حجم 1434 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ نجی شعبے کو قرض فراہمی میں 54 فیصد کمی ہوئی اور صرف 88.6 ارب روپے جاری کیے گئے۔ رپورٹ میں آئی ایم ایف کے دوسرے اقتصادی جائزے اور1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط کی منظوری خوش آئند قرار دی گئی ہے جب کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں