بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی

منگل 30 اپریل 2024 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرتے ہوئے دونوں فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے اور سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز سماعت کے موقع پر بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گِل عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پھر کہہ رہا ہوں دونوں اطراف عدالت کے ساتھ سیاست کھیل رہی ہیں ۔

سٹیٹ کونسل کی جانب سے کہا گیا کہ دونوں فریقین کی استدعا ہے کہ مزید کچھ دن کا وقت دے دیا جائے ، ہماری بات چیت چل رہی ہے امید ہے جلد ایگریمنٹ ہو جائے گا ۔ عثمان گِل کے جونیئر خالد چوہدری نے کہا کہ عثمان گل عدت میں نکاح کیس کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کورٹ میں ہیں اس لئے یہاں پیش نہیں ہو سکے ۔ فاضل جسٹس نے کہا کہ یہ سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کا کوئی گرائونڈ نہیں ہے ، آخری بار موقع دے رہا ہوں، آئندہ سماعت پر لازمی پیش ہو کر دلائل دیں ۔ عدالت نے کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں