اداروں کی نجکاری میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے ، عبدالعلیم خان

بدھ 15 مئی 2024 23:33

اداروں کی نجکاری میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے ، عبدالعلیم خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کاروبار کرنا یا چلانا حکومت کا کام نہیں ، حکومت کا کام صرف کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام 16 ویں آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس میں شرکت کے موقع پر کیا ۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کاروبار کرنا یا چلانا حکومت کا کام نہیں ، حکومت کا کام صرف کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بزنس اور کاروبار چلیں گے تو خوشحالی آئے گی اور عام آدمی کو بھی فائدہ ہو گا۔ عبدالعلیم خان نے کہاکہ حکومت 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر چکی ہے جس میں پی آئی اے سر فہرست ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سمیت تمام منصوبوں کی نجکاری میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے ۔پرائیویٹائریشن کیلئے پی آئی اے میں کئی اہم بزنس گروپس نے دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں چیمبر آف کامرس اور ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے۔کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں،ایز آف ڈوئنگ بزنس اور ون سٹاپ شاپ پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے چیمبر آف کامرس حکومت کے شانہ بشانہ چلے حکومت بھی ان کا بھرپور ساتھ دے گی ۔ اس موقع پر اہم کاروباری شخصیات اور چیمبر کے عہدیداران نے کانفرنس میں اظہار خیال کیا اور حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں