اسلام آباد ہائی کورٹ نےزرتاج گل کے خلاف مقدمات اور ان کیسز میں متعلقہ عدالتوں سے ضمانت ملنے کا ریکارڈ طلب کرلیا

جمعرات 16 مئی 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) حکومت کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر زرتاج گل پر 5 مقدمات ہیں ، ان کا نام اسلام آباد اور پنجاب پولیس کی ریکوئسٹ پر پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا۔ عدالت نے زرتاج گل کے خلاف مقدمات اور ان کیسز میں متعلقہ عدالتوں سے ضمانت ملنے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے زرتاج گل کو بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما رکن قومی اسمبلی زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ زرتاج گل کا نام پی این آئی ایل میں شامل ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کس کے کہنے پر نام پی این آئی ایل میں ڈالا گیا ؟کون اس لسٹ میں نام شامل کرتا ہے؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ پٹیشنر کا نام اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے کہنے پر پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا ۔ زرتاج گل کے خلاف اسلام آباد اور پنجاب میں 5مقدمات درج ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ان تمام میں زرتاج گل ضمانت پر ہیں۔ عدالت نے مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں