چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کا دوحہ میں ہلال احمر قطر ہیڈکواٹرز کا دورہ

جمعہ 17 مئی 2024 16:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے دوحہ میں ہلال احمر قطر کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔قطر ریڈکریسنٹ ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر سیکرٹری جنرل فیصل محمد آلعمادی اور دیگر حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سردار شاہد احمد لغاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین دو طرفہ تعلقات، انسانی خدمت کیلئے اقدامات اور پارٹنر شپ کو مثالی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قطر ہمارا برادر ملک ہے، پاکستان اور قطر کے تعلقات ہر دور میں مثالی رہے ہیں، قطر کی جانب سے تعاون اور ہر کڑے وقت میں مدد کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان نے موومنٹ پارٹنرز کے تعاون سے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں، 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لاکھوں لوگوں کی خدمت کا ایک ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہلال احمر قطر کے سیکرٹری جنرل فیصل محمد آلعمادی نے طویل المدتی پارٹنر شپ، ہلال احمر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں یہ تعاون اور باہمی تعلق کو فروغ دیں گے۔

انہوں نے سردار شاہد احمد لغاری کی زیر قیادت ہلال احمر کی جانب سے مثالی خدمات کو سراہا۔سردار شاہد احمد لغاری نے ہلال احمر قطر کو پاکستان میں اپنے آفس کو دوبارہ کھولنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ مشترکہ اقدامات اور باہمی تعاون سے انسانیت کی خدمت کو جاری رکھا جا سکے۔انہوں نے ہلال احمر قطر کے صدر کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔اس موقع پرقطر ہلال احمر اور ہلال احمر پاکستان کے مابین کلائمیٹ چینج،ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ ریلیف،یوتھ انگیجمنٹ،ہیلتھ اینڈ کیئر کے علاوہ انسانیت کی خدمت سے متعلقہ اقدامات کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پرہلال احمر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری جنرل عبیداللہ خان اور قطر ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل فیصل محمد آلعمادی نے چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کی موجودگی میں دستخط کیے اور دستاویز کا تبادلہ کیا ۔

امسال کے لیے قربانی پراجیکٹ کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ ملاقات میں قطر ہلال احمر کے ریلیف و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے سربراہ صبحیی فہد العجہ،ڈائریکٹر ریلیف و انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد صلاح ابراہیم،پلاننگ و سٹڈیز کے اھیم اسماعیل السخنی بھی موجود تھے۔چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کو قطر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سینٹر کا دورہ بھی کرایا گیا اور ہلال احمر قطر کی جاری سرگرمیوں اور اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

سیکرٹری جنرل فیصل آلعمادی نے کہا کہ ہم ڈیزاسٹر مینجمنٹ، واش سروسز، ہیلتھ کیئر اور ریسکیو سے متعلق نیشنل سوسائٹیز کیلئے جدید ترین تربیت بھی فراہم کرتے ہیں۔بریفنگ کے بعد دونوں اطراف سے یادگاری شیلڈز اور سووینئر کا تبادلہ کیا گیا۔ سردار شاہد احمد لغاری نے مہمانوں کیلئے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں