پی آئی اے کی اسلام آباد سے ٹورنٹو جانے والی پرواز میں فنی خرابی کے باعث اس کا رخ واپس کراچی کی طرف موڑ دیا گیا

ہفتہ 18 مئی 2024 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن پی آئی اے کی اسلام آباد سے ٹورنٹو جانے والی پرواز میں فنی خرابی کے باعث اس کا رخ واپس کراچی کی طرف موڑ دیا گیا ۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں معمولی فنی خرابی کے باعث پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا ہے اور جہاز تقریبا 3 گھنٹے بعد لینڈ کرے گا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ جہاز میں فنی خرابی معمولی نوعیت کی ہے مگر کپتان نے طویل پرواز جاری رکھنے اور بحر اوقیانوس پر پرواز کرنے سے واپسی کو ترجیح دی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جہاز کو کراچی لانے کا فیصلہ انجینئرنگ بیس پر بہتر انتظامات اور پرزہ جات کی دستیابی کے باعث کیا گیا ہے، کراچی میں پرواز کے استقبال کے تمام اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ مسافروں کو ائیرپورٹ ہوٹل میں قیام کروایا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ مسافروں کی دیکھ بھال کیلئے طعام اور ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ، پرواز کی دوبارہ ٹورانٹو روانگی کا شیڈول کل دوپہر 1 بجے رکھا گیا ہے تاکہ مسافر طویل پرواز کیلئے آرام کرسکیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں