نیپرا نے مالی سال 2024-2028 کیلئے کے الیکٹرک کے پاور ایکوزیشن پروگرام کی منظوری دے دی

پیر 20 مئی 2024 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2024ء) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مالی سال 2024-2028 کے لیے کے الیکٹرک کے پاور ایکوزیشن پروگرام (پی اے پی) کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری کراچی میں بجلی کی پائیدار اور مستحکم فراہمی کے لیے کے الیکٹرک کی حکمت عملی کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے 20 مارچ 2023کو پی اے پی کا جامع منصوبہ جمع کرایا گیا تھا جس کے تحت قابل تجدید توانائی، مقامی فیول اور نیشنل گرڈ سے بجلی کا حصول شامل ہے۔

یہ منصوبہ نیپرا کے منظور شدہ آئی جی سی ای پی 2022-2032، نیشنل الیکٹرسٹی پالیسی 2021 اور نیشنل الیکٹرسٹی پلان 2023-2027 سے مطابقت رکھتا ہے۔منظور شدہ منصوبے کی خصوصیت قابل تجدید توانائی پر انحصار ہے۔ کے الیکٹرک 2030 تک سولر اور ونڈ انرجی سمیت 1,282 میگاواٹ قابل تجدید توانائی اپنے جنریشن مکس میں شامل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں کراچی میں 270 میگاواٹ کا سولر پی وی پروجیکٹ اور دھابیجی گرڈ اسٹیشن کے قریب 200 میگاواٹ کا ہائبرڈ پلانٹ قابل ذکر ہے۔

اس پروگرام میں شامل منصوبے شہر کے توانائی مکس میں نمایاں کردار ادا کریں گے اور بجلی کی مستحکم فراہمی کے ساتھ کاربن فٹ پرنٹ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہونگے۔کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے نیپرا کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے پاور ایکوزیشن پروگرام پر نیپرا کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، جس سے آئندہ 5 سال کے لیے ہمیں واضح روڈ میپ مل گیا ہے۔

کلین انرجی کو اپنے نظام میں شامل کرنا توانائی کے پائیدار نظام کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، جس سے قابل اعتماد اور قابل استعداد بجلی کی فراہمی میں توازن کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہمارے 640 میگاواٹ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر عالمی سطح پرکافی دلچسپی دیکھی گئی ہے، جو کے الیکٹرک کے بطور برانڈ ساکھ کی نشاندہی کرتی ہے۔

یہ فیصلہ ہمیں جدید، پائیدار ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرنے کے قابل بنائے گا، جو بالآخر کراچی کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا اور اس کے رہائشیوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنائے گا۔ مزید برآں پی اے پی میں مقامی کوئلے کی پاور پروڈکشن صلاحیت میں اضافہ کرنا بھی شامل ہے جو توانائی مکس کو متنوع بنائے گا اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرے گا۔

پی اے پی میں کے الیکٹرک کے نیشنل گرڈ سے اضافی بجلی درآمد کرنے کے معاہدوں کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں، جس سے گرڈ کا بہتراستعمال یقینی بن سکے گا۔ یہ اقدام ریگولیٹڈ صارفین کے ساتھ ساتھ توانائی شعبے کے لیے بھی مفید ثابت ہوگا۔اس منصوبے کی منظوری کے الیکٹرک کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، کیونکہ یہ کراچی کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر انحصار بڑھا کر پائیداری کو فروغ دے گا۔ اس منصوبے کے کامیاب نفاذ سے شہر کی اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی اور اس کے رہائشیوں و کاروباری اداروں کو بجلی کی قابل اعتماد وپائیدار فراہمی ممکن ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں