ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے تمام لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، 28مئی کو تکبیر کانفرنس منعقد کی جائے گی، خالد مسعود سندھو

بدھ 22 مئی 2024 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ پاکستان کے عالم اسلام کی پہلی اٹیمی قوت بننے کے یادگار دن 28 مئی کو یوم تکبیر کےموقع پر لیاقت باغ راولپنڈی میں تکبیر کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں تمام مکتبہ فکر کے لوگ شرکت کریں گے۔انھوں نے یہ بات بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پارٹی کے اسلام آباد زون کے صدر شفیق الرحمان، جنرل سیکرٹری انعام الرحمان و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

خالد مسعود سندھو نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک اس وقت تک محفوظ نہیں رہ سکتا جب تک اس کی سرحدیں محفوظ نہ ہوں، اس ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے تمام لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تمام تر رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود یہ صلاحیت حاصل کرکے اس ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک کو مسائل سے نکالنے کے جذبے سے سرشار ہے۔

اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے صدر چوہدری شفیق الرحمان کا کہنا تھا کہ 28 مئی کی پاکستان کی تاریخ میں اہم حیثیت ہے کیونکہ اس دن پاکستان امت مسلمہ کی پہلی ایٹمی قوت کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، یہ دن تمام پاکستانیوں کیلئے باعث فخر و افتخار ہے،اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ اس دن لیاقت باغ راولپنڈی میں ایک عظیم الشان تکبیر کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے جس کا مقصد پاکستان کے عوام کو امید دلانا اور مایوسی سے دور رکھنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں