جیکب آباد کی عدالت نے گٹکا اسمگلنگ کیس میں مجرم کو انوکھی سزا سنا دی

عدالت نے گٹکا رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر مجرم کو ایک سال تک 50 نیم کے درخت لگانے اور ان کا خیال رکھنے سمیت 2لاکھ روپے جرمانہ کی انوکھی سزا سنا دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 25 اکتوبر 2023 13:21

جیکب آباد کی عدالت نے گٹکا اسمگلنگ کیس میں مجرم  کو انوکھی سزا سنا دی
جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2023ء) جیکب آباد کی عدالت نے گٹکا اسمگلنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم آدم پٹھان کو انوکھی سزا سنادی۔ تفصیلا ت کے مطابق جیکب آباد کی مقامی عدالت نے گٹکا رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر مجرم کو ایک سال تک 50 نیم کے درخت لگانے اور ان کا خیال رکھنے سمیت 2لاکھ روپے جرمانہ کی انوکھی سزا سنائی۔ کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کے جج حیدر علی بھیو نے گٹکا رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر مجرم آدم پٹھان کو ایک سال تک 50 نیم کے درخت لگانے کی سزا سناتے ہوئے محکمہ فاریسٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مجرم کی جانب سے درخت لگانے اور ان کی حیال رکھنے کی نگرانی کریں اور مجرم ہر مہینے محکمہ فاریسٹ کو اپنی رپورٹ دیں گے ، عدالت نے مجرم پر 2لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صدر تھانہ کی پولیس نے 9 مئی 2023 کو گاؤں خان رند کے قریب ملزم سے ڈھائی من گٹکا برآمد کرکے مقدمہ درج کیا تھا۔خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کی عدالت نے تفتیشی افسر کو احاطہ عدالت میں پوچا لگانے کی سزا سنا دی۔عدالت نے تفتیشی افسر کو رپورٹ خود نہ کروانے پر سزا سنائی۔تفصیلات کے مطابق تفتیشی افسر کو عدالت میں ماتحت پولیس اہلکار کے ہاتھوں رپورٹ جمع کروانا مہنگا پڑ گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت میں رپورٹ خود جمع کروانے کی بجائے ماتحت اہلکار کے ہاتھ بھیج دی۔ عداالت نے حکم عدولی کرنے پر سرجانی ٹاؤن کے تفتیشی افسر کو ہتھکڑی لگا کر فرش صاف کرنے کی ہدایت کر دی۔تفتیشی افسر کی ہتھکڑی لگا کر فرش صاف کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔عدالتی ذرائع کے مطابق تفتیشی افسر کی وائرل ویڈیو 15 سے 20 دن پرانی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عبداللہ قادری اس سے قبل بھی پولیس اہلکاروں کو اس قسم کی سزائیں دے چکے ہیں۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں