ٹھوس حکمت عملی اور کڑی نگرانی کے باعث اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کا خاتمہ اور وافر سٹاک کو یقینی بنایا گیا ،ڈی سی اونادرچٹھہ

منگل 17 فروری 2015 22:25

جھنگ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ ٹھوس حکمت عملی اور کڑی نگرانی کے باعث اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کا خاتمہ اور وافر سٹاک کو یقینی بنایا گیا ہے لہٰذا مزید بہتری لانے کیلئے فروٹ و سبزی منڈی اور اشیائے خوردونوش کے تھوک فروش دکانداروں کے حوالہ سے مانیٹرنگ کو مزید فعال بنایا جائے۔

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی سی او نے اسسٹنٹ کمشنروں اور دیگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اس میں مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔ڈی سی او نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی مرکزی فروٹ و سبزی منڈی میں سبزیوں اور فرو ٹ کی جنس کے حوالہ سے الگ الگ سٹال لگائیں تاکہ سبزی منڈی میں فروخت اور خریداری کیلئے آنے والوں کو نہ صرف آسانی رہے بلکہ سبزی اور فروٹ کی کوالٹی کی جانچ پڑ تال کی سہولت میسر آئے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا کہ گزشتہ ہفتوں کی نسبت اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور قیمتوں میں کمی اور بہتری آئی ہے مگر اس میں مزید بہتری اور تسلسل بہت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا اولین مقصد عام آدمی کو ریلیف پہنچانا ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں