میونسپل کمیٹی جھنگ نے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے شہر کے تمام فٹ پاتھوں پر دوکانداروں کے ناجائز قبضے کروا دیئے ،شہریوں کا فٹ پاتھوں پر چلنا ناممکن ہوگیا،عوامی راہ گزروں پر پوری پوری دوکانیں قائم، شہری سڑکوں پر چلنے پر مجبور

حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ،متعلقہ حکام سے فوری کریک ڈائون کا مطالبہ

منگل 26 ستمبر 2017 20:40

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 ستمبر2017ء) :ایک طرف خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے پنجاب بھر کے تمام شہروں سے قبضہ مافیا اور ناجائز تجاوزات کرنے والوں کا خاتمہ کرنے کیلئے ان کے خلاف بھر پورآپریشن کریک ڈائون کرتے ہوئے ان کا قلع قمع کرنے کے واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ دوسری طرف خادم اعلیٰ کی انتظامی مشینری کے ہی بعض کرپٹ حکام نے مذکورہ پالیسی کی دھجیاں بکھیرنا شروع کر دی ہیں اور ناجائز تجاو ز کنندگان و قبضہ مافیا کی بھر پور حوصلہ افزائی کا عمل شروع کررکھا ہے جس نے سنجیدہ شہری حلقوں کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے جس کی روشن مثال میونسپل کمیٹی جھنگ کی ہے جس کے کرپٹ حکام نے پورا جھنگ ناجائز تجاوز کنندگان و قبضہ مافیا کے حوالے کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

حتیٰ کہ شہر کے سب سے اہم ترین و مرکزی مقام فوارہ چوک جھنگ صدر سے لے کر شہید روڈ تا تانگہ اڈا چوک ، ریل بازار چوک سے لے کر جھنگ بازار چوک ، ریل بازار چوک سے لے کر ایوب چوک ، فوارہ چوک سے لے کر تھانہ صدر چوک، انار کلی بازار ، دھجی روڈ ، کٹڑہ بیر والا مارکیٹ ، ایمبرائیڈری مارکیٹ ، کھیتیا ں والا بازار ، مین بازار ، کوٹ روڈ ، کچہری روڈ ، فردوس مارکیٹ ، تحصیل روڈ ، کوتوالی روڈ ، سیشن روڈ ، فیصل آباد روڈ ، سرگودھا روڈ ، گھگھ بازار، چونا بھٹیاں چوک اور شہر کی تمام سڑکات پر کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے تمام فٹ پاتھوں پر دوکانداروں نے پختہ تعمیرات کرنے سمیت اپنا سامان رکھ کرناجائز قبضہ جماتے ہوئے راہ گیروں کا گزر بند کردیا ہے جبکہ اپنی دوکانوں کے باہر کئی کئی فٹ سرکاری فٹ پاتھوں پر قبضہ کر کے وہاں پختہ تعمیرات بھی کر لی ہیں نیز اسی طرح فٹ پاتھوں سے آگے سڑک کا بڑا حصہ بھی ریڑھی ، چھابڑی ، پھڑیئے ، تھڑے ، پھٹے لگانے والے دوکانداران کو ماہانہ ہزاروں روپے کرائے پر دے دیا گیا ہے۔

فوارہ چوک جو شہر کا مرکزی مقام ہے کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے جہاں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کے ساتھ فٹ پاتھ اور اس سے بھی ۱ٓگے 20فٹ تک سڑک پر قبضہ کر کے بہت بڑی بڑی فروٹ شاپس قائم کر دی گئی ہیں جہاں سے ٹریفک کا گزرنا تو درکنار پیدل افراد کا چلنا بھی دشوار ہو کر رہ گیا ہے۔ یہاں یہ امر بھی انتہائی افسوس ناک ہے کہ ان فروٹ شاپس پر اکثر سرکاری اداروں کے افسران کی گاڑیاں مستفید ہوتی نظر آتی ہیں جس کے باعث ان ناجائز تجاوزات کنندگان کو کوئی پوچھنے والا نہ ہے۔

دوسری جانب شہر کے تمام علاقوں کو ناجائز تجاوز مافیا کے حوالے کرکے میونسپل کمیٹی جھنگ کے برس ہا بر س سے ایک ہی جگہ تعینات کرپٹ افسران و اہلکاران روزانہ لاکھوں کی دیہاڑیاں لگاتے ہوئے شاہانہ ٹھاٹھ باٹھ کے مالک بن چکے ہیں اور انہوںنے انتہائی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی آنکھیں اور کان بند کر لئے ہیں بلکہ شہریوںکی شکایات کے باوجود انتہائی ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے کوئی کاروائی نہ کرنے کی بھی قسم اٹھا رکھی ہے ۔

یہاں اس سے بھی انتہائی افسوس ناک امر یہ ہے کہ فادر آف دی سٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی جھنگ کے شہریوںکو بے یار و مدد گار چھوڑتے ہوئے نہ صرف پراسرار چپ سادھ لی ہے بلکہ کبھی بھی شہر کے مرکزی مقامات کا دورہ کرنے کی زحمت گوارہ نہ کی جا رہی ہے جس سے کرپٹ مافیا کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔ جھنگ کے عوامی ، سیاسی، سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ مدثر ریاض ملک ،چیئرمین بلدیہ جھنگ میاں شیخ محمد نواز اکرم، چیف ۱ٓفیسر بلدیہ جھنگ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اطلاع و پروٹوکول کے بغیر اچانک خود فوری طور پر شہر کے سب سے اہم و مرکزی مقام فوارہ چوک سمیت شہر کے تمام بازاروں کا پیدل دورہ کریں تاکہ انہیں شہریوں کی مشکلات کا علم ہو سکے ۔

انہوںنے بلدیہ جھنگ کے برس ہا برس سے ایک ہی جگہ تعینات کرپٹ ملازمین کو بھی فوری طور پر تبدیل کرنے سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کاروائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں