امن و امان کی مثالی فضا قائم رکھنے میں علمائے کرام کی خدمات کی ہمیشہ ضرورت رہتی ہے۔ ڈپٹی کمشنرجھنگ

جمعہ 27 اکتوبر 2017 22:19

جھنگ۔27 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے علمائے کرام کی امن و امان کے حوالہ سے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی مثالی فضا قائم و دائم رکھنے کے سلسلہ میں علمائے کرام کی خدمات کی ہمیشہ ضرورت رہتی ہے اور شہدائے کربلاکے چہلم کے موقع پربھی ان کا تعاون درکارہے۔

یہ بات انہوںنے ضلعی امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیاقت علی ملک، حساس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، اراکین امن کمیٹی ،منتظمین جلوس و مجالس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نو صفر شہدائے کربلاکے چہلم کے موقع پرجلوس و مجالس کے دوران ہم آہنگی ،رواداری اور بھائی چار ہ کی مثالی فضاء کو موثر طریقے سے بحال رکھنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کو عملی شکل دی جارہی ہے اس ضمن میں تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطہ کوبحال رکھتے ہوئے بہتر ین حکمت عملی وضع کریں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او لیاقت علی ملک نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ چہلم کے حوالہ سے تمام امام بارگاہوں ،مساجد ،مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی سمیت شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرہ جات بھی نصب کئے جائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ پولیس کوہمہ وقت الرٹ کرکے گشت بڑھا دیا گیا ہے اور کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پولیس کے جوان ہمہ وقت چوکس ہیں ۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں اور میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ بروقت کاروائی کرکے شر پسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ختم کر کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے ضلع میں امن و عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالہ سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور ملک و قوم کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کیلئے دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں