حکومت پنجاب کی کلین اینڈ گرین مہم کے تحت ضلع بھر میں ناجائز قابضین اور تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم جاری

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 22:05

جھنگ ۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2018ء) حکومت پنجاب کی کلین اینڈ گرین مہم کے تحت ضلع بھر میں ناجائز قابضین اور تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے بتایا کہ تحصیل جھنگ سمیت تحصیل شورکوٹ ، احمد پور سیال اور تحصیل اٹھارہ ہزاری کے علاقوں میں گزشتہ روز تک ناجائز قابضین اور تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کی گئی کاروائیوں میں مجموعی طور پر 3ارب6کروڑ91لاکھ68ہزار940روپے مالیت کی 12 ہزار 919 کنال سرکاری کمرشل و زرعی اراضی واگزار کروائی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی برتنے پر 3لاکھ22 ہزار3سو روپے سے زائد جرمانے اور 267 دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی۔

ضلع بھر میں کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت کاروائی کے دوران 1291 عارضی اور805 مستقل تجاوزات کو ختم دیا گیا۔

(جاری ہے)

کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت آپریشن ضلع بھر میں ڈیڈ لائن تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ شہر اور ضلع بھر میں ناجائز تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جارہا ہے۔ سرکاری املاک کو سو فیصد ناجائز قابضین سے واگزار کروائیں گے۔

ڈی سی نے کہا کہ ضلعی افسران تجاوزات اور ناجائز قابضین کے خلاف بھرپور حکمت عملی سے بلاخوف کاروائیاں جاری رکھیں۔ ضلع بھر میں ریڑھی بانوں کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا بلکہ کمرشل اراضی پر عرصہ دراز سے قابض مافیا کے خلاف کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کسی سیاسی دباؤ میں آئے بغیر میرٹ پر شہر میں آپریشن جاری ہے جبکہ قانون سب کیلئے برابر ہے اور اس کی پاسداری کرنا ہمارا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ محسوس کر تاہے کہ اس کے ساتھ حق تلفی ہورہی ہے تو ڈپٹی کمشنر آفس کے دروازے کھلے ہیں اور ان کے تحفظات کویقینی بنایا جائیگا۔شہری کسی بھی افوا پر توجہ نہ دیں بلکہ عوام کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ سے تعاون کرے۔تجاوزات کے خاتمے سے اب شہریوں کو آمد و رفت میں ریلیف ملے گا اور شہر کی خوبصورتی اورکشادگی میں بھی اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں