ڈپٹی کمشنر کا رکن قومی اسمبلی کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کھیوا کا دورہ

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 22:05

جھنگ۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کھیوا کا دورہ کیا۔ انہوں نے کالج میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کالج میں تعمیراتی کام کو مقررہ مدت میں تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور کوالٹی ورک کا خاص خیال رکھاجائے۔

انہوںنے کہا کہ کالج کی عمارت میں جدید تقاضوں کے مطابق کلاس رومز ، لیب، لائبریری سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائینگی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کالج کی عمارت کا 75فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ بقیہ کام کو جلد مکمل کرلیا جائیگا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کی تعلیم کی طرف بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کھیوہ کی تکمیل سے اس خطے کی بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات دہلیز پر دستیاب ہونگی ۔جو طالبات پہلے دیگر علاقوں میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے جاتی تھیں اب وہ اپنے علاقہ میں اس سہولت سے مستفید ہونگی۔ رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج موجودہ حکومت کا اس علاقے کی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے اور انشاء اللہ جلد ہی ابتدائی کلاسز کا آغاز کر دیا جائے ۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر کو جاری تعمیراتی کام کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کھیوہ کی عمارت کا بھی معائنہ کیا اور آئندہ ہفتے میں سکول کو فنکشنل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں